اسلام آباد (خبرنگارخصوصی) ساتویں میری ٹائم سیکیورٹی ورکشاپ کے شرکاء نے کمانڈنٹ پاکستان نیوی وار کالج ریئر ایڈمرل اظہر محمود کی قیادت میں نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق ورکشاپ کے شرکائکو میری ٹائم چیلنجز اور پاک بحریہ کے لائحہ عمل، میری ٹائم آگاہی کے فروغ اور ساحلی علاقوں میں سماجی و اقتصادی ترقی میں پاک بحریہ کے کردار پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے بھی شرکاء سے تبادلہ خیال کیا۔ سربراہ پاک بحریہ نے اپنے خطاب میں میری ٹائم سیکیورٹی اور پاکستان کی بلیو اکانومی کی استعداد سے متعلق امور پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ انہوں نے پاک بحریہ کے ریجنل میری ٹائم سیکورٹی پیٹرول اور ساحلی سیکورٹی اور ہاربر ڈیفنس اقدامات کے ذریعے سمندری اور ساحلی تحفظ کو مضبوط بنانے کی کوششوں پر زور دیا۔ وفد کے شرکاء میں ارکان پارلیمنٹ، سیاستدان، بیوروکریٹس، مسلح افواج کے افسران، میڈیا اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے پاک بحریہ کی کاوشوں کو بے حد سراہا اور قیمتی تجاویز پیش کیں۔