لاہور (نوائے وقت رپورٹ) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں ظالمانہ طریقے سے عوام کے آئینی و جمہوری حق کو کچلنے، آزادی اظہار رائے پر پابندی لگانے، صحافیوں کے اغوا اور بعد میں انہیں جھوٹے مقدمات میں قید کرنے کے حکومتی ہتھکنڈوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ فارم 47 کی حکومت کو کسی صورت یہ حق حاصل نہیں کہ آئین و جمہوریت کا گلا گھونٹ کر ملک کو تماشا بنا دے۔ منصورہ سے جاری بیان میں امیر جماعت نے کہا کہ مطیع اللہ جان اور دیگر صحافیوں پر جھوٹے مقدمات ختم کر کے انہیں فی الفور رہا کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں حکومت نے فسطائیت کا مظاہر ہ کر کے درحقیقت 25کروڑ عوام کو جو پیغام دینے کی کوشش کی ہے، یہ ملک عوامی جد وجہد کے نتیجہ میں بنا اور عوام ہی اس کے اصل وارث ہیں۔ اسلام آباد میں جو کچھ ہوا، ان حقائق کو عوام سے چھپایا جا رہا ہے۔ 26 ویں آئینی ترمیم کالعدم قرار دی جائے۔ انھوں نے کہا کہ حکومت آئی ایم ایف کی تابعداری کی بجائے عوام کو بجلی، پٹرول اور اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں کمی کر کے ریلیف دے۔ انھوں نے کہا کہ آئی پی پیز معاہدوں سے ہونے والے فائدہ کو بجلی کی قیمتوں میں کمی کے لیے استعمال کیا جائے۔