آذربائیجان سے دو موٹرویز ایم 6 ‘ایم 9 میں سرمایہ کاری زیر غور ،علیم خان

اسلام آباد(خبرنگار)وفاقی وزیر سرمایہ کاری، نجکاری و مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا ہے نجکاری، سرمایہ کاری اور مواصلات کے شعبوں میں مربوط اقدامات کے ذریعے آگے بڑھنا چاہتے ہیں۔ سرمایہ کاری بورڈ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق عبدالعلیم خان نے آذربائیجان میں پاکستانی سفیر سے وڈیو لنک اجلاس کے دوران آذربائیجان کے حالیہ دورے کی روشنی میں سرمایہ کاری کے امور پر غوروخوض اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ عبدالعلیم خان نے آذربائیجان میں پاکستان کے سفیر قاسم محی الدین سے فالو اپ امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔آذربائیجان میں پاکستان کے سفیر قاسم محی الدین نے بریفنگ میں بتایا گیا آذربائیجان کے مختلف سرکاری ادارے پاکستان میں سرمایہ کاری اور اداروں کی نجکاری میں گہری دلچسپی رکھتی ہیں۔عبدالعلیم خان نے کہا آذربائیجان سے مواصلات کے شعبے میں دو موٹرویز ایم 6 اور ایم 9 میں سرمایہ کاری بھی زیر غور ہے انہوں نے کہا کہ ترکیہ اور آذربائیجان کے پاکستان میں سفیروں کے ساتھ جلد علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کروں گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پاکستانی سفارتخانہ دسمبر کے جوائنٹ کمیشن کے اجلاس سے پہلے اپنا ہوم ورک مکمل کرے۔ وفاقی وزیر نے کہا نجکاری، سرمایہ کاری اور مواصلات کے تینوں شعبوں میں مربوط اقدامات کے ذریعے آگے بڑھنا چاہتے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن