راولپنڈی(آئی این پی )پی ٹی آئی کے اسلام آباد احتجاج پر راولپنڈی میں بانی پی ٹی آئی عمران خان، بشری بی بی، وزیر اعلیٰ خیبرپی کے علی امین گنڈاپور ، علیمہ خان، عارف علوی ، عمر ایوب اور دیگر کے خلاف راولپنڈی میں مزید 4 مقدمات درج کرلیے گئے۔ تفصیل کے مطابق پی ٹی آئی کی قیادت کے خلاف مقدمات انسداد دہشت گردی کی دفعات کے تحت تھانہ صادق آباد، واہ کینٹ، ٹیکسلا اور نیو ٹائون میں مقدمات درج کیے گئے ہیں۔مقدمات کے متن میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کارکنان نے ٹائر جلا کر سڑک بند کی راستہ روک لیا، ڈنڈوں سے لیس ملزمان نے پتھرا کرتے ہوئے پولیس پر حملہ کیا۔مقدمات کے متن کے مطابق گرفتار ملزمان سے آنسو گیس کے شیل، ڈنڈے، کنچے، غلیلیں برامد ہوئیں، ملزمان نے بانی پی ٹی آئی کی سازش اور مجرمانہ ایما پر خلاف قانون مجمع اکھٹا کیا،ملزمان نے پولیس سے مزاحمت کر کے سڑک بند کی عوام کا راستہ روک کر شہری زندگی کو مفلوج کیا۔ایف آئی آرز میں مزید کہا گیا ہے کہ ملزمان نے عام عوام کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالا،سرکاری اور نجی ملاک کو نقصان پہنچایا، ملزمان نے حکومت اور ریاستی اداروں کے خلاف نعرے بازی کر کے عوام میں خوف و ہراس پھیلایا۔