24 نومبر احتجاج، 1150 ملزموں کی پیشی، 8 گھنٹے سماعت، 77 کا 5 روزہ ریمانڈ

Nov 29, 2024

راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ+اپنے سٹاف رپورٹر سے) 24 نومبر کے احتجاج میں گرفتار ملزموں کی انسداد دہشتگردی عدالت راولپنڈی میں پیشی ہوئی راولپنڈی ڈویژن سے گرفتار 450 سے زائد ملزموں کی پیشی کا عمل مکمل ہوا، ملزموں کو اٹک، چکوال اور راولپنڈی کے مختلف  تھانوں سے لایا گیا۔ انسداد دہشگردی کی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے سماعت کی۔ تھانہ صادق آباد کے مقدمہ میں 77 ملزموں کا پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ دے دیا۔ عدالت نے 27 ملزموں کو جوڈیشل کر دیا۔ تھانہ وارث خان کے مقدمہ میں بارہ ملزموں کا دو روز کا ریمانڈ دیا گیا۔ تھانہ نیو ٹاؤن کے مقدمہ میں چار دن کا ریمانڈ دیا گیا۔ اے ٹی سی راولپنڈی میں مقدمات کی سماعت آٹھ گھنٹے سے زائد جاری رہی۔ راولپنڈی، اٹک اور چکوال سے گرفتار 1150 ملزموں کو عدالت پیش کیا گیا۔ عدالت نے 18 سال سے کم عمر نوجوانوں، نامزد بیمار، ضعیف اور معذور افراد کو مقدمات سے ڈسچارج کر دیا۔ آر پی او راولپنڈی ریجن بابر سرفراز الپا کی سی پی او راولپنڈی سید خالد ہمدانی اور ڈی پی او اٹک سردار غیاث گل کے ہمراہ  پریس بریفنگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ سیاسی جماعت کے پرتشدد مظاہرین نے 24 نومبر کو سرکاری وسائل کا استعمال کرتے ہوئے اسلحہ  سے پولیس پر حملہ کیا اور براہ راست فائرنگ کی۔ آر پی او بابر سرفراز الپا نے کہا کہ پرتشدد احتجاج میں راولپنڈی ریجن کے170 پولیس اہلکار زخمی ہوئے، جن میں سے 02کو گولیاں لگیں، زخمی افسران واہلکاروں میں 25 کی حالت تشویشناک ہے، آر پی او نے کہا کہ گزشتہ 03 ماہ میں سیاسی جماعت کے پرتشدد احتجاج میں اب تک راولپنڈی ریجن میں 262 پولیس افسر زخمی ہو چکے ہیں۔ پرتشدد اور مسلح مظاہرین نہ صرف موٹروے پر مختلف جگہوں پر آگ لگائی بلکہ پولیس کی 11سرکاری گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچایا، آر پی او بابر سرفراز الپا نے کہا کہ راولپنڈی ریجن میں مظاہرین کے خلاف درج 32 مقدمات میں 1150سے زائد پرتشدد مظاہرین کو گرفتار کیا۔ گرفتار افراد میں 64 افغان باشندے بھی شامل ہیں۔ گرفتار 64 افغان باشندوں میں 04 ملزموں کے پاس قانونی اجازت نامہ اور بقیہ 60 غیرقانونی پائے گئے۔

مزیدخبریں