کراچی(کامرس رپورٹر)حج 2025ء کے لیے درخواستیں مع واجبات جمع کرنے کیلئے سٹیٹ بینک آف پاکستان نے مجاز بینکوں کی برانچیں ہفتہ اور اتوار کو کھلی رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ بینک دولت پاکستان نے عازمینِ حج کو حج 2025ء کے درخواست فارم اور واجب الادا رقم جمع کرانے میں سہولت دینے کی خاطر وزارتِ مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی کی درخواست پر 15 مجاز بینکوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ملک بھر میں اپنی متعلقہ برانچیں ہفتہ 30 نومبر 2024ء اور اتوار یکم دسمبر 2024ء کو صبح 9 بجے سے ڈھائی بجے دوپہر تک کھلی رکھیں۔قبل ازیں حج پالیسی کے حوالے سے وزارتِ مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی نے 15 بینکوں (یعنی نیشنل بینک آف پاکستان، حبیب بینک، یونائیٹڈ بینک، ایم سی بی بینک، الائیڈ بینک، بینک آف پنجاب، بینک الفلاح، زرعی ترقیاتی بینک، فیصل بینک، عسکری بینک، بینک الحبیب، حبیب میٹروپولیٹن بینک، سونیری بینک، میزان بینک اور بینک اسلامی) کو اجازت دی تھی کہ وہ حج 2025ء کے لیے ملک بھر میں عازمین سے درخواست فارم مع واجب الادا رقم 18 نومبر 2024ء سے 3 دسمبر 2024ء تک وصول کر سکتے ہیں۔
حج درخواستیں جمع کرانے کیلئے سٹیٹ بنک کا مجاز بنک برانچیں ہفتہ ‘ اتوار کو کھلی رکھنے کا اعلان
Nov 29, 2024