تاریخ رقم، سٹاک مارکیٹ ایک لاکھ پوائنٹس کا سنگ میل عبور کر گئی

کراچی (کامرس رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) پاکستان سٹاک ایکس چینج میں کاروباری ہفتے کے چوتھے روز ایک اور نئی تاریخ رقم ہو گئی۔ پہلی بار مارکیٹ 1 لاکھ پوائنٹس کی بلند ترین سطح عبور کر گئی۔ مارکیٹ کے سرمائے میں 1 کھرب 38 ارب روپے سے زائد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 125کھرب روپے سے بڑھ کر 127کھرب روپے ہو گیا جبکہ 64.15 فیصد حصص کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں۔  پاکستان سٹاک ایکسچینج نے گزشتہ اور رواں مالی سال کے 17 ماہ میں 150 فیصد اضافے کے ساتھ 40 ہزار سے ایک لاکھ پوائنٹس کا سفر طے کیا۔ جمعرات کو کے ایس ای 100انڈیکس میں 813پوائنٹس کا اضافہ ہوا جس سے انڈیکس 99ہزار 269 پوائنٹس سے بڑھ کر 1لاکھ 82 پوائنٹس پر بند ہوا۔ اسی طرح 160 پوائنٹس کے اضافے سے کے ایس ای 30انڈیکس 31ہزار 32پوائنٹس سے بڑھ کر 31 ہزار 193 پوائنٹس پر جاپہنچا جبکہ کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 62ہزار 391 پوائنٹس سے بڑھ کر 63 ہزار 83 پوائنٹس ہو گیا۔ گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے جمعرات کو پاکستان سٹاک ایکسچینج کا دورہ کیا۔ اس کامیابی کا جشن منایا اور پی ایس ایکس کی انتظامیہ کو مبارکباد پیش  کی۔ پی ایس ایکس آمد پر انہیں پاکستان سٹاک ایکسچینج کے ایم ڈی اور سی ای او  فرخ ایچ سبزواری اور انتظامی ٹیم نے خوش آمدید کہا۔ پاکستان سٹاک ایکسچینج کے ایم ڈی اور سی ای او  فرخ ایچ سبزواری نے کہا کہ کے ایس ای 100 انڈیکس کا 100,000 پوائنس کی حد عبور کرنا پاکستان سٹاک ایکسچینج کے لیے ایک قابل فخر لمحہ ہے اور یہ ہمارے سرمایہ کاروں کے اعتماد اور قومی معیشت کی ترقی کی علامت ہے۔ سٹاک مارکیٹ میں ایک لاکھ پوائنٹ سے کراس کرنے پر اظہار تشکر کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کرا دی گئی۔ قرارداد مسلم لیگ (ن) کی رکن حنا پرویز بٹ کی جانب سے جمع کروائی گئی۔ قرارداد کے متن کے مطابق یہ ایوان سٹاک مارکیٹ کے تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچنے پر تشکر کا اظہار کرتا ہے۔ قرارداد کے متن کے مطابق سٹاک مارکیٹ ملک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک لاکھ پوائنٹ سے بھی اوپر چلی گئی ہے۔ پنجاب اسمبلی میں جمع قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ یہ ایوان وزیراعظم شہباز شریف اور ان کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتا ہے۔ یہ ایوان پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے دعا گو ہے۔

ای پیپر دی نیشن