اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے+ نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ ورلڈ بینک کے اشتراک سے اسلام آباد میں فضائی آلودگی کو کنٹرول کرنے کے خواہاں ہیں۔ وزیر داخلہ محسن نقوی سے کنٹری ڈائریکٹر ورلڈ بینک ناجے بن حسین نے ملاقات کی جس میں سموگ کے مسئلہ پر باہمی تعاون سے قابو پانے پر اتفاق ہوا۔ ورلڈ بینک اور سی ڈی اے کی مشترکہ ٹیم انسداد سموگ پلان تیار کرے گی۔ وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ رواں برس ایئر کوالٹی انڈیکس 271 تک پہنچا ہے، اس سے پہلے کہ صورتحال خطرناک سطح پر پہنچے ہمیں فوری طور پر جامع انسداد سموگ پلان وضع کرنا ہے۔ اسلام آباد کی ایئر کوالٹی کو بہتر کرنے اور محفوظ شہر بنانے میں ورلڈ بینک کے تعاون کا خیر مقدم کریں گے۔ بین الاقوامی معیار کی جائزہ رپورٹ کے ذریعے سموگ کی اصل وجوہات کو سامنے لانا ضروری ہے۔ اسلام آباد کے شہریوں اور مہمانوں کو صاف اور صحت مند ماحول دینا بنیادی مقصد ہے، شہریوں کو صاف پانی اور سینی ٹیشن کی فراہمی بھی ہمارے اہداف کا حصہ ہے، اسلام آباد واسا کو اسلام آباد واٹر کے نام سے متعارف کرا رہے ہیں۔ کنٹری ڈائریکٹر ورلڈ بینک نے وزیر داخلہ کو سموگ پر قابو پانے اور پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول میں تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ سی ڈی اے کے ساتھ مشاورت سے انسداد سموگ حکمت عملی وضع کرنے کے لیے تیار ہیں۔ رپورٹ سے مسئلے کی جڑ تک پہنچنے میں مدد ملے گی۔ دوسری طرف وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر محمد روح العالم صدیقی نے ملاقات کی۔ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ پاکستان اور بنگلہ دیش میں کرکٹ کے کھیل کے فروغ پر بھی بات چیت کی گئی۔ بنگلہ دیشی ہائی کمشنر نے چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کے انعقاد کے حوالے سے پاکستان کے لئے نیک خواہشات کا اظہارکیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان کی خصوصی ہدایت پر بنگلہ دیش کا جلد دورہ کروں گا۔ مقصد بنگلہ دیش کے ساتھ خیر سگالی اور دو طرفہ تعلقات کو مضوط تر بنانا ہے۔ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان بنگلہ دیش کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعلقات کو مزید آگے بڑھانے کا خواہاں ہے۔ محسن نقوی نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی کے بھر پور انعقاد کیلئے تمام تیاریاں مکمل کی جا رہی ہیں۔ بنگلہ دیشی ہائی کمشنر نے انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ اور آسٹریلیا کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی کارکردگی کو سراہا۔ بنگلہ دیش پاکستان کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔