چیف جسٹس کی زیر صدارت دو اجلاس، ٹیکس مقدمات جلد نمٹانے کا فیصلہ، التوا کی حوصلہ شکنی

Nov 29, 2024

اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) سپریم کورٹ نے ٹیکس مقدمات کے التوا کی حوصلہ شکنی کرتے ہوئے انہیں جلد نمٹانے کا فیصلہ کیا ہے۔ انصاف کے حصول اور عدالتی اصلاحات کے حوالے سے دو اجلاس چیف جسٹس یحیی آفریدی کی زیر صدارت  ہوئے جس میں جسٹس عائشہ ملک اور جسٹس بلال حسن نے شرکت کی۔ اعلامیے کے مطابق اجلاس میں مشہور ڈویلپمنٹ ایکسپرٹ شیرشاہ بھی شریک ہوئے۔ جدید ٹیکنالوجی، کیسز کے حوالے سے بہتری لانے کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں صلاحیت بڑھانے کیلئے تربیت کرنے کے اقدامات پر غور کیا گیا۔ چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے دوسرے اجلاس میں بھی سپریم کورٹ میں زیر التواء مقدمات پر غور کیا۔  ایف بی آر کی قانونی ٹیم نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں ٹیکس مقدمات اور قضیان کو نمٹانے کے حوالے سے غور کیا گیا اور طے کیا گیا کہ ٹیکس مقدمات سے متعلق التوا کی حوصلہ شکنی کی جانی چاہیے۔ دریں اثناء بار کے نمائندگان نے اس بارے میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

مزیدخبریں