اسلام آباد (خبرنگارخصوصی) 44ویں پاکستان آرمی رائفل ایسوسی ایشن (PARA) کے مقابلوں کی اختتامی تقریب آرمی مارکس مین شپ یونٹ جہلم میں منعقد ہوئی۔ چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔ میگا شوٹنگ ایونٹ کا انعقاد 14 اکتوبر سے 28 نومبر 2024 تک کیا گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ان مقابلوں میں آرمی، نیوی، ایئر فورس، سول آرمڈ فورسز بشمول رینجرز (سندھ اور پنجاب)، پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا، بلوچستان، فیڈرل رائفل ایسوسی ایشن، لاہور گیریڑن شوٹنگ گیلری (LGSG) اور عام شہریوں کے 2000 سے زائد فائررز نے حصہ لیا۔ آرمی چیف اور سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے ہر کیٹیگری میں ایوارڈ جیتنے والوں اور رنر اپ کو ٹرافیاں اور میڈلز سے نوازا۔ انٹر سروسز میچز میں پاکستان آرمی نے تین مقابلے جیتے جن میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، چیف آف دی آرمی سٹاف اور چیف آف نیول سٹاف میچز شامل تھے جبکہ چیف آف ایئر سٹاف مقابلہ پاک فضائیہ نے جیتا۔ پاکستان آرمی نے مجموعی طور پر چیمپئن شپ ٹرافی اپنے نام کر لی۔ ایف ٹی آر ٹیم ٹرافی لیفٹیننٹ جنرل احسن گلریز کی قیادت میں پاک فوج نے جیتی۔ پریذیڈنٹ کپ نیشنل چیلنج میچ کی ٹرافی پاک فوج کے نائیک وسیم احمد خان کو دی گئی۔ پاک فضائیہ نے پرائم منسٹر اسکلز ایٹ آرمز بگ بور نیشنل چیلنج جیت لیا۔ پیرا فائرنگ میچز (انفنٹری سکواڈ) میں آزاد کشمیر رجمنٹ نے پہلا انعام حاصل کیا۔ شوٹنگ کا اعلیٰ ترین اعزاز ’دی ماسٹر ایٹ آرمز‘ ٹرافی پنجاب رجمنٹ کے سپاہی آفتاب احمد کو دیا گیا۔ بیسٹ شاٹ میچ ٹرافی گروپ 2 اور گروپ 3 کیولری کے لانس دفادار محمد عمران اور ای ایم ای بٹالین کے حوالدار فتح اللہ خان کو دی گئی۔ شرکاء کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے آرمی چیف نے فائرنگ کرنے والوں کے نشانے بازی کے بہترین معیار کو سراہا۔ آرمی چیف نے شوٹنگ کی مہارت کو ایک پیشہ ور سپاہی کی پہچان قرار دیتے ہوئے کہا کہ "شوٹنگ میں مہارت حاصل کرنا بنیادی فوجی تربیت کے مقاصد میں رہنا چاہیے"۔ قبل ازیں آمد پر کور کمانڈر راولپنڈی نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔