اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیر برائے سیفران، گلگت بلتستان اور کشمیر امور انجینئر امیر مقام نے جمعرات کو گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں صوبے کے سیاسی، معاشی اور امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس ملاقات کا محور خیبرپختونخوا میں بڑھتے ہوئے سیکورٹی خدشات اور صوبائی حقوق کے حوالے سے وفاقی حکومت کے ساتھ پائی جانے والی تشویش رہا۔ دونوں رہنماؤں نے صوبے میں دہشت گردی اور شدت پسندی کے بڑھتے ہوئے واقعات پر گہری تشویش کا اظہار کیا، جو حالیہ دنوں میں بم دھماکوں اور مسلح جھڑپوں کی صورت میں سامنے آئے ہیں۔گورنر فیصل کریم کنڈی اور انجینئر امیر مقام نے صوبے کو درپیش سیکیورٹی چیلنجز اور وسائل کے مؤثر استعمال کے لیے زیادہ خودمختاری کے مطالبے پر بھی گفتگو کی۔ گورنر نے وفاقی حکومت پر زور دیا کہ خیبرپختونخوا کے مسائل، خاص طور پر سیکورٹی، بنیادی ڈھانچے اور اقتصادی ترقی کے حوالے سے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔وفاقی وزیر امیر مقام نے گورنر کی تشویشات کو تسلیم کرتے ہوئے یقین دلایا کہ وفاقی حکومت خیبرپختونخوا کے سیکیورٹی نظام کو مضبوط بنانے اور صوبے کے وسائل و حقوق کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔گورنر فیصل کریم کنڈی نے صوبے میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے فوری اقدامات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دیرپا امن کا قیام وفاقی، صوبائی اور مقامی حکومتوں کے مشترکہ تعاون سے ہی ممکن ہے۔
گورنر خیبرپی کے سے وفاقی وزیر سیفران انجینئر امیر مقام کی ملاقات
Nov 29, 2024