کراچی: ڈاکوؤں کی اسکول کے سامنے خاتون ٹیچر سے لوٹ مار، ویڈیو سامنے آگئی

 شاہ فیصل کالونی میں 2 مسلح ملزمان  اسکول کے سامنے خاتون ٹیچر سے لوٹ مار کرکے فرار ہوگئے۔ذرائع کے مطابق  شاہ فیصل کالونی کے  ناتھا خان گوٹھ میں 2 ڈاکوؤں نے  سرکاری اسکول کی خاتون ٹیچر سے  اسلحے کے زور  پر اسکول کے سامنے ہی لوٹ مار کی اور فرار ہوگئے۔2 روز قبل پیش آنے والے واقعے کی ویڈیو منظر عام پر آگئی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ہیلمٹ پہنے 2 موٹر سائیکل سوار ملزمان نے خاتون سے اسلحے کے زور پر پرس اور دیگر سامان چھینا۔اس  دوران شہریوں نے ہمت کرتے ہوئے ایک ملزم کو پکڑ لیا تاہم موٹرسائیکل پر بیٹھے دوسرے ملزم نے پکڑے جانے کے خوف سے فائرنگ شروع کردی اور ساتھی کو چھڑالیا۔ملزمان فائرنگ کرتے ہوئے موٹر سائیکل پر فرار ہوگئے جب کہ فائرنگ سے خوف و ہراس پھیل گیا اور بھگدڑ مچ گئی، واردات کے وقت اسکول یونیفارم میں معصوم بچیاں اور خواتین بھی موجود تھیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی کی مدد سے ملزمان کو شناخت کررہے ہیں اور انہیں جلد گرفتار کرلیں گے۔

ای پیپر دی نیشن