کراچی اسٹاک مارکیٹ میں گزشتہ ہفتے عیدالضحی کی تعطیلات کے باعث پانچ میں سے چار روز کاروبار ہوا۔ٹریڈنگ کے دوران اسٹاک مارکیٹ میں پورے ہفتے ملا جلا رجحان رہا، مقامی سرمایہ کاروں کی جانب سے حصص کی فروخت دیکھی گئی جبکہ غیرملکی سرمایہ کاروں نے ایک بارپھرپاکستانی اسٹاک مارکیٹوں پر اپنے اعتماد کا اظہارکرتے ہوئے پچپن لاکھ ڈالرکی نئی سرمایہ کاری کی۔ ایک ہفتے کے دوران کے ایس ای ہنڈریڈ انڈیکس بیس پوائنٹس بڑھ کر پندرہ ہزار آٹھ سو تیرہ پوائنٹس پر بند ہوا۔ گزشتہ ہفتے کراچی اسٹاک مارکیٹ کے مثبت اختتام نے اسٹاک مارکیٹ کے سرمائے کی مالیت بھی سات ارب ساٹھ کروڑ روپے بڑھا دی۔ اسٹاک مارکیٹ کے سرمائے کی مالیت انتالیس کھرب ترپن ارب روپے ہوگئی ہے۔ کراچی اسٹاک مارکیٹ گزشتہ ہفتے حکومت اورعدلیہ کی جانب سے کیے گئے فیصلوں کی زد میں بھی رہی، گزشتہ ہفتے کراچی اسٹاک مارکیٹ سے چھوٹے سرمایہ کاروں کی جانب سے شئیرز کی فروخت دیکھی گئی یہی وجہ ہے کہ ایک ہفتے کے دوران اسٹاک مارکیٹ کا اوسط کاروباری لین دین اکتیس فیصد بڑھ کر تیرہ کروڑ تیس لاکھ شئیرز رہا۔ مارکیٹ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ رزلٹ سیزن اختتام پذیرہوچکا ہے اوراسٹاک مارکیٹ کی کارکردگی کا زیادہ تر دارومدارملکی سیاسی اور بین الاقوامی معاشی خبروں پرہوگا۔
کے ایس ای ہنڈریڈ انڈیکس میں صرف بیس پوائنٹس کا اضافہ ہوسکا,اسٹاک مارکیٹ سرمائے کی مالیت میں سات ارب ساٹھ کروڑ روپے کا اضافہ ہوا
Oct 29, 2012 | 12:56