پاکستان اسٹیٹ آئل کا سرکلر ڈیٹ ایک سو چالیس ارب روپے تک پہنچ گیا ہے۔ پی ایس او کو واپڈا سے اکیاون ارب سڑسٹھ کروڑ روپے ،حب پاور کمپنی سے ترپن ارب پینتیس کروڑ روپے،کوٹ ادو پاور کمپنی سے سات ارب بائیس کروڑ روپے اور کے ای ایس سی سے گیارہ ارب روپے وصول کرنے ہیں۔ پی ایس او کو پاور سیکٹر اور حکومتی اداروں کی جانب سے ادائیگیاں نہ ہونے کی وجہ سے شدید مالی پریشانی کا سامنا ہے۔ پی ایس او نےمقامی ریفائنریوں اور بین ا لاقوامی خام تیل سپلائی کرنے والی کمپنیوں کو مجموعی طور پر پچاسی ارب روپے ادا کرنے ہیں۔ایم ڈی پی ایس او کا کہنا ہے کہ اس وقت ادارے کی مالی حالات کو دیکھتے ہوئے اپنے اخراجات کم کرنے پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں اور اسی سلسلے میں مختلف قسم کی انشورنس پریمیم ، بین الاقوامی معاہدے ختم کرنے کے ساتھ ساتھ مقامی کمپنیوں سے ڈالر کے بجائے روپے میں لین دین کو ترجیح دے رہے ہیں۔
پاکستان اسٹیٹ آئل نے رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں اڑسٹھ فیصد زائد منافع کمایا لیکن اب بھی سرکلر ڈیٹ کی وجہ سے ادارے کی مالی پوزیشن مستحکم نہیں۔
Oct 29, 2012 | 20:56