گوجرانوالہ: پاک فوج کا ہیلی کاپٹر فنی خرابی کے باعث گر کر تباہ، پائلٹ، معاون زخمی

گوجرانوالہ: پاک فوج کا ہیلی کاپٹر فنی خرابی کے باعث گر کر تباہ، پائلٹ، معاون زخمی

Oct 29, 2013

گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی)گوجرانوالہ میں فنی خرابی کے باعث پاک فوج کا گن شکن کوبرا ہیلی کاپٹر راہوالی کینٹ کے قریب گر کر تباہ ہوگیا جبکہ پائلٹ اور معاون پائلٹ زخمی ہوگئے۔ فوجی جوانوں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر امدادی کارروائیاں شروع کردی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق کھاریاں کے قریب جاری مشقوں میں شرکت کے بعد گن شکن کوبرا ہیلی کاپٹر گوجرانوالہ کینٹ واپس آرہا تھا کہ کینٹ چیک پوسٹ کے قریب ہیلی کاپٹر کے انجن نے اچانک کام کرنا بند کردیا جس پر ہیلی کاپٹر میں سوار پائلٹ میجر عمران اور کوپائلٹ میجر فرقان نے راہوالی کینٹ کے قریب جی ٹی روڈ پر واقع مدینہ کالونی میں آبادی کی کھلی جگہ پر ہنگامی لینڈنگ کی کوشش کی مگر ہیلی کاپٹر ایک گتہ فیکٹری کے باہر گر کر تباہ ہوگیا۔ ادھر یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ دونوں پائلٹس زخمی ہوئے ہیں جنہیں طبی امداد کی فراہمی کے لئے سی ایم ایچ منتقل کر دیا گیا۔ عینی شاہدین کے مطابق ہیلی کاپٹر کا ایک پر پرواز کے دوران وڑائچ ٹاﺅن میں گر گیا تھا تاہم پائلٹس نے دانشمندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آبادی پر ہیلی کاپٹر گرنے سے بچا لیا لیکن مدینہ کالونی کی آبادی کے قریب خالی جگہ پر ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا۔ اے این این کے مطابق آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ گن شپ ہیلی کاپٹر معمول کی پرواز پر تھا جو فنی خرابی کے باعث گر کر تباہ ہوا ہے۔ ہیلی کاپٹر میں پائلٹ اور کوپائلٹ سوار تھے جو دونوں زخمی ہوئے، واقعہ کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

مزیدخبریں