چیچہ وطنی: جنونی نوجوان کے خواتین پر چاقو سے حملے، تین ہفتوں کے دوران 25سے زائد زخمی

چیچہ وطنی: جنونی نوجوان کے خواتین پر چاقو سے حملے، تین ہفتوں کے دوران 25سے زائد زخمی

Oct 29, 2013

اسلام آباد (رائٹرز) ضلع ساہیوال کی تحصیل چیچہ وطنی میں موٹر سائیکل سوار جنونی نوجوان نے رواں ماہ کے دوران 25سے زائد طالبات اور چند خواتین کو اچانک چاقو سے حملے کرکے زخمی کر دیا۔ ان واقعات کے بعد خوف کے باعث لڑکیوں اور خواتین نے گھروں سے نکلنا بند کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق چیچہ وطنی شہر میں ایک جنونی نوجوان اچانک موٹر سائیکل پر نکلتا ہے اور راہ چلتی خواتین پر چاقو سے حملہ کرکے انہیں شدید زخمی کر دیتا ہے اور آناً فاناً فرار ہو جاتا ہے۔ ایک ماہ کے دوران اس جنونی نوجوان کی کارروائیوں سے 25سے زائد خواتین اور طالبات زخمی ہو چکی ہیں، شہر میں خوف و ہراس کی کیفیت طاری ہے۔ اس جنونی نوجوان نے زیادہ تر خواتین کو مغرب کے بعد حملہ کرکے زخمی کیا۔ 6اکتوبر کو اس جنونی نے پہلا حملہ کرکے 3خواتین کو زخمی کیا تھا 3روز قبل اس جنونی نے اپنے گھر کے باہر کھڑی لڑکی کو چاقو مار کر زخمی کر دیا تھا۔ چیچہ وطنی پولیس کے مطابق ملزم ایک ہے اور اس کی گرفتاری اور حملوں کے محرکات کا پتہ چلانے کیلئے پولیس بھرپور کوشش کر رہی ہے، ملزم کی گرفتاری میں مدد دینے والے کیلئے 2لاکھ روپے انعام بھی رکھا گیا ہے۔

مزیدخبریں