کراچی میں خونریزی،6 افراد قتل، امام بارگاہ پر بم حملہ، بچی جاں بحق،8 زخمی

Oct 29, 2014

کراچی (نوائے وقت رپورٹ+ کرائم رپورٹر) کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ، پُرتشدد واقعات میں 6افراد جاں بحق، امام بارگاہ پر بم حملے، لیاری میں دھماکوں سے بچی جاں بحق 8افراد شدید زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق عائشہ منزل کے قریب امام گاہ پر دستی بم کے حملے میں ایک بچی جاں بحق اور 8 افراد زخمی ہو گئے۔ دو زخمی خواتین کی حالت نازک بتائی گئی۔ عینی شاہدین کے مطابق موٹر سائیکل سواروں نے فلائی اوور سے تھیلے میں چھپایا بم امام بارگاہ پر پھینکا، دھماکہ سے علاقہ لرز اٹھا، کئی گاڑیوں اور عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے جبکہ حملہ آور فرار ہو گئے۔ پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ زخمیوں میں امام بارگاہ کی سکیورٹی پر مامور 2سکائوٹس بھی شامل ہیں، بم حملے کے وقت مجلس ختم ہو جانے پر خواتین چھوٹے راستے سے باہر نکل رہی تھیں۔ قبل ازیں لیاری کے علاقوں چاکیواڑہ، کلاکوٹ اور اطراف میں بموں سے حملے ہوئے جن سے 3افراد شدید زخمی ہو گئے۔ لیاری کے علاقے چاکیواڑہ میں مسلح افراد نے فائرنگ کرکے رکشہ سٹینڈ کے چوکیدار 26سالہ عابد کو قتل کر دیا، پاک کالونی میں فائرنگ سے ضمیر خان کی جان چلی گئی، عوامی کالونی کورنگی سے 30سالہ نوجوان کی تشدد زدہ نعش ملی جس کی شناخت نہ ہو سکی۔ سی آئی ڈی پولیس نے ائرپورٹ پر حملے میں ملوث 4 دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا۔ ایڈیشنل آئی جی ثاقب اسماعیل میمن نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ گرفتار افراد نے ائرپورٹ پر حملہ کرنیوالوں کی مدد کی تھی۔ القاعدہ اور کالعدم تحریک طالبان حملے میں ملوث ہیں۔ دہشت گردوں نے حملے کی تربیت افغانستان اور تیاری بلوچستان میں کی۔ انہوں نے بتایا کہ حملے سے قبل دہشت گردوں نے کرچی کے علاقے شاہ فیصل کالونی میں رہائش اختیار کی۔ دریں اثناء ترجمان ایدھی فائونڈیشن کے مطابق میٹھادر میں ایدھی سنٹر پر ڈاکہ ڈالنے کے مرکزی ملزم سابق ملازم مظہر عرف اکو، سجاد، ریحان اور عمیر کو گرفتار کیا جا چکا ہے، مزید ملزموں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

مزیدخبریں