کراچی (نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) سابق صدر پرویز مشرف کی والدہ زریں مشرف دبئی سے کراچی پہنچ گئیں۔ وہ پی آئی اے کی پرواز پی کے 208 سے کراچی پہنچیں۔ ان کے ہمراہ ضروری طبی آلات اور آکسیجن کٹ بھی ساتھ لائے ہیں۔ زریں مشرف کے ہمراہ ‘ پرویز مشرف کی اہلیہ صہبا مشرف اور بیٹی عالیہ بھی کراچی آئے، ہوائی اڈے پر سابق صدر مشرف نے خود والدہ کا استقبال کیا۔ تفصیلات کے مطابق منگل کو سابق صدر جنرل(ر) پرویز مشرف کی والدہ زریں مشرف دبئی سے کراچی پہنچ گئیں۔ زریں مشرف پی آئی اے کی پرواز پی کے 208سے کراچی ایئرپورٹ پہنچیں، انکے ہمراہ پرویز مشرف کی اہلیہ صہبا مشرف اور انکی صاحبزادی بھی کراچی پہنچی ہیں۔ ذرائع کے مطابق سابق صدر کی والدہ پاکستان میں مستقل قیام کی غرض سے آئی ہیں۔ زریں مشرف کچھ عرصہ قبل شدید علیل تھیں اور ہسپتال میں زیر علاج تھیں تاہم صحت یابی کے بعد وہ اپنے بیٹے اور سابق آرمی چیف پرویز مشرف سے ملاقات کیلئے دبئی سے کراچی آگئی ہیں۔ پرویز مشرف کی والدہ جو وہیل چیئر پر تھیں۔ وہ پرویز مشرف سے ملنا چاہتی تھیں اسی لئے وہ کراچی آئی ہیں۔ پرویز مشرف کیخلاف غداری کے مقدمے سمیت کئی مقدمات ہیں جن کی وجہ سے ان کا نام حکومت نے ای سی ایل میں ڈال دیا تھا۔ مشرف نے اس دوران درخواست دی تھی کہ انکی طبیعت خراب ہے، اسلئے انہیں بیرون ملک جانے کی اجازت دی جائے تاہم یہ درخواست مسترد کردی گئی تھی جس کے بعد غداری کے مقدمے کی کارروائی کے دوران پرویز مشرف نے کہا تھا کہ وہ دبئی میں اپنی علیل والدہ کی عیادت اور اپنے علاج کیلئے ملک سے باہر جانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ اس حوالے سے عدالت نے فیصلے کا اختیار بھی حکومت کو دیدیا تھا تاہم حکومت نے ان کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی بجائے ان کی والدہ کو وطن لانے کیلئے خصوصی طیارہ دینے کی پیشکش کی تھی۔
مشرف کی والدہ دبئی سے کراچی پہنچ گئیں، صہبا اور بیٹی بھی ساتھ تھیں
Oct 29, 2014