اختیارات کا ناجائز استعمال ، نیب پر ویز اشرف کے خلاف ریفرنس دائر کرے گا

Oct 29, 2014

اسلام آباد (نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) نیب نے سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کے خلاف اختیارات کے ناجائز استعمال، قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اپنے داماد کی عالمی بینک میں تعیناتی، سابق ایم ڈی ای او بی آئی ظفر گوندل پر 238افراد کی غیرقانونی بھرتیوں سے قومی خزانے کو 600 ملین کا نقصان پہنچانے، سابق قائم مقام سیکرٹری وزارت ہائوسنگ اینڈ ورکس مولابخش ا عوان اور گلاب ضمیر (ڈی جی) پی ڈبلیو ڈی کے خلاف 746 افرادکو غیرقانونی طور پر بھرتی کرکے قومی خزانے کو 6.32 ملین کا نقصان پہنچانے پر ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی، بورڈ نے پیپلزپارٹی کی سینیٹر سحر کامران کے خلاف مبینہ کرپشن ، اختیارات کا ناجائز استعمال اور پاکستان انٹرنیشنل سکول جدہ کے سکول فنڈز میں خوردبرد کے الزام کی انکوائری شروع کرنے کا بھی فیصلہ کیا۔ ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس چیئرمین قمرزمان چودھری کی صدارت میں ہوا۔ نیب کے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں متعدد اہم فیصلے کئے گئے۔ بورڈ نے کرپشن کے کئی کیسوں میں ریفرنس دائر کرنے اور کئی میں تحقیقات کا حکم دیا۔ ناصر محمد اشرف ڈائریکٹر ہیرت جنرل ٹریڈنگ ایل ایل سی دبئی، عامر سلیم انور خان چیف ایگزیکٹو چمیرا پرائیویٹ لمیٹڈ، طاہر سلیم انور خان ڈائریکٹر چمیرا پرائیویٹ لمیٹڈ، ناصر سلیم خان چمیرا پرائیویٹ لمیٹڈکے خلاف مزید چار ہفتوں کا ٹائم دیتے ہوئے تحقیقات مکمل کرنے کا حکم دیا اور چار ہفتوں میں اس کیس میں ملزمان پر فراڈ اور قرضہ نادہندگی کے الزام میں 1.3 بلین کا بینک کو نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔ایم ڈی پاسکو کے خلاف بھی انکوائری کا حکم دیا اس کیس میں ایم ڈی پاسکو پر گزشتہ نگران حکومت )مئی،جون (2013 کے دوران غیرقانونی تقرریاں اور تقرری کے لئے ٹیسٹ کو وقت سے پہلے منظر عام پرلانے کا الزام ہے۔ سینیٹر سحر کامران کے خلاف وزارت خارجہ اور وزارت سمندر پار پاکستانیز کو کمیونٹی ویلفیئر اتاشیوںکے توسط سے مل کر تحقیقات کرنے کا فیصلہ کیا۔ اس کیس میں بڑے پیمانے پر سکول فیس میں خوردبرد کا الزام ہے۔ ایگزیکٹو بورڈ نے ایم ایس چائنہ ہربر انجینئرنگ کمپنی لمیٹڈکے خلاف تحقیقات کے لیے نیب سند ھ کو مزید چار ہفتے کی مہلت دی۔ اس کیس میں ملزمان پر مشتبہ ٹرازینکشزاور اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ 2010 ء کی خلاف ورزی کرنے کا الزام ہے۔

مزیدخبریں