اقوام متحدہ، ہیومن رائٹس کونسل کی رکنیت، روس الیکشن ہار گیا

اقوام متحدہ (اے ایف پی) روس اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کی رکنیت کے لئے الیکشن ہار گیا۔ 47 ممالک کی ہیومن رائٹس کونسل کی 14 نشستوں کو پُر کرنے کیلئے ووٹنگ ہوئی۔ 2 نشستوں کیلئے 3 ممالک میں مقابلہ تھا۔ روس نے 112، کروشیا نے 114 اور ہنگری نے 144 ووٹ حاصل کئے۔ دنیا بھر کی 80 انسانی حقوق اور امدادی تنظیموں نے اقوام متحدہ کے رکن ممالک کو شام میں بشار الاسد حکومت کی حمایت کرنے پر روس کی مخالفت کرنے کا کہا تھا۔ شامی شہر حلب میں جولائی سے ڈھائی لاکھ لوگ انتہائی خطرناک حالات میں رہ رہے ہیں۔ اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے وہاں جلد خوراک ختم ہونے کا خطرہ ہے۔ سعودی عرب 152 ووٹ حاصل کر کے اپنی نشست محفوظ رکھنے میں کامیاب رہا۔ چین، کیوبا، مصر بھی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے الزامات کی زد میں رہنے کے باوجود دوبارہ رکنیت حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے۔ کروشیا، عراق، روانڈا کو پہلی مرتبہ منتخب کیا گیا ہے۔ دوبارہ رکن بننے والے دیگر ممالک میں برازیل، برطانیہ، جاپان، جنوبی افریقہ، تیونس اور امریکہ شامل ہیں۔

ای پیپر دی نیشن