پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے وزیراعظم نواز شریف اپنے مفاد کے لئے کراچی آپریشن کو سیاسی بنارہے ہیں ،ڈاکٹر عاصم حسین وزیراعظم کے سیاسی قیدی ہیں۔جناح ہسپتال میں ڈاکٹر عاصم کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کے لئے ہم سب کو ایک پیج پر لے کر آئے، یہ اچھا آئیڈیا تھا ،نیشنل ایکشن پلان پر وفاق کا ساتھ چھوڑنے پر غور کررہے ہیں۔ بلاول بھٹو نے نواز شریف سے پوچھا کہ وہ بتائیں پاکستان کے لوگ آپ کو کیوں سپورٹ کریں، کیوں آپ کے ساتھ کھڑے ہوں، انہیں وضاحت دینی ہوگی کہ وہ پاکستان میں دہشت گردی کے خلاف لڑ رہے ہیں یا نہیں لڑرہے۔ان کا کہناتھاکہ ڈاکٹر صاحب واحد سیاستدان ہیں، جن پر دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ چلایا گیا اور وہ 90 دن رینجرز کی حراست میں رہے۔ ڈاکٹر عاصم حسین16ماہ سے زیر حراست ہیں۔ ان سمیت میئر کراچی اور قادر پٹیل پر بھی اے ٹی سی میں مقدمات چلائے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو ہمیشہ سیاسی مقدمات کا سامنا رہا،ہم ڈرنے والے نہیں، دہشت گرد ہمارے سیکورٹی اہلکاروں کو ماررہے ہیں،جب لوگ ایم کیو ایم کے خلاف کچھ نہیں بولتے تھے تب میں کیا کہتا تھا آپ لوگ جانتے ہیں۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم نے کھلاڑی کو سمجھایا ہے کہ یہ کھیل نہیں قومی سلامتی کا مسئلہ ہے۔قبل ازیں بلاول بھٹو نے ڈاکٹر عاصم کوگلدستہ پیش کیا اور کہا کہ میں آپ کیلئے دعاگو ہوں کہ آپ جلد صحت یاب ہوں۔ دریں اثناءٹویٹر پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا پیپلزپارٹی واحد وفاقی جماعت ہے جو ملک کو بحران سے نکال سکتی ہے۔ وقت آ گیا ہے پیپلزپارٹی پرامن جدوجہد سے اپنی جگہ واپس لے۔
نواز شریف اپنے مفاد کے لئے کراچی آپریشن کو سیاسی بنارہے ہیں, نیشنل ایکشن پلان پر وفاق کیساتھ چھوڑنے پر غور کر رہے ہیں: بلاول
Oct 29, 2016 | 19:22