ملکی سرحدوں کی حفاظت کیلئے ہردم تیار ہیں:ائرچیف

Oct 29, 2017

اسلام آباد (پ ر) پہلی کثیرالملکی انسداد دہشت گردی کی فضائی مشق کی اختتامی تقریب پاک فضائیہ کے ایک آپریشنل ائیر بیس پر منعقد ہوئی۔ پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان اس تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ 16اکتوبر سے شروع ہونے والی مشق کو "ACES MEET-2017" کے نام سے منسوب کیا گیاتھا۔ یہ فضائی مشق دو ہفتوں کے دورانیہ پر محیط تھی۔ ترک فضائیہ اور رائل سعودی فضائیہ نے اپنے لڑاکا طیاروں ، پائلٹس اور تکنیکی ماہرین کے ساتھ اس تاریخی مشق میں حصہ لیا۔ 8 دوست ممالک کے اعلیٰ عہدیداران نے بطور آبزرور اس کثیر الملکی مشق میں شرکت کی۔ اس موقع پر پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک فضائیہ اپنے بہادر جنگجوئوں کی لازوال قربانیوں اور پیشہ وارانہ مہارت کی وجہ سے اپنی مادر وطن کی فضائی سرحدوں کی حفاظت کے لئے ہر دم تیار ہے۔ ائیر چیف نے کہا کہ اپنے پیشروئوںکی رکھی گئی شانداربنیادوں پر ہم پاک فضائیہ کو عظمت کی نئی بلندیوں پر لے جا رہے ہیں۔ انہوں نے اس مشق میں شریک فضائی افواج کے عملے کی پیشہ وارانہ مہارت کی تعریف کی اور امید کا اظہار کیا کہ وہ یہاں سے بہترین تجربات کی یادیں اپنے ساتھ لے جائیں گے۔ دونوں برادر فضائی افواج کے شریک عملے کے کمانڈرز نے پاک فضائیہ کی شاندار میزبانی پر شکریہ ادا کیا۔ معزز مہمانوں کو نئے تعمیر شدہ ائیر پاور سینٹر آف ایکسیلنس اور اختتام پذیر انسداد دہشت گردی کی مشق کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے ائیر پاور سینٹر آف ایکسیلنس میں نئے تعمیر شدہ انفراسٹرکچر اور وہاں موجود تربیتی سہولیات کا بھی جائزہ لیا۔

مزیدخبریں