.وفاقی حکومت کے قرضوں میں ایک سال کے دوران 11 فیصد اضافہ ہو گیا

لاہور(کامرس رپورٹر)وفاقی حکومت کے قرضے ایک سال میں 11 فیصد بڑھ گئے ہیں۔ 12 ماہ کے دوران قرضوں کی واپسی پر 688 ارب روپے خرچ کرنے کے باوجود قرضوں کا مجموعی حجم 214 کھرب روپے کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے۔سٹیٹ بینک کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے ماہ کے دوران وفاقی حکومت کے قرضوں کے بوجھ میں مزید 622 ارب روپے کا اضافہ ہوا اور ان کا مجموعی حجم 213 کھرب 89 ارب 70 کروڑ روپے کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گیا ہے۔ ایک سال کے دوران حکومت کی طرف سے اندرونی اور بیرونی ذرائع سے مجموعی طور پر 21 کھرب روپے کے نئے قرضے لیے گئے ۔جولائی کے اختتام پر اندرونی قرضوں کا حجم 15 کھرب 34 ارب روپے کے اضافے سے 153 کھرب 90 ارب روپے اور غیر ملکی ذرائع سے لیے گئے قرضوں کا حجم 5 کھرب 65 ارب 40 کروڑ روپے کے اضافے سے 60 کھرب روپے ہو گیا ہے۔ حکومت کے دور میں اب تک وفاقی حکومت کے قرضوں میں 74 کھرب 22 ارب روپے کا اضافہ ہو چکا ہے اور چار سال کے دوران قرضوں میں 53.2 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

ای پیپر دی نیشن