لاہور‘’ جھنگ‘ ٹیکسلا(آئی این پی‘ نامہ نگار ) قانون نافذ کرنے والے اداروں نے لاہور اور گوجرانوالہ میں دہشت گردی کے خطرناک منصوبے ناکام بناتے ہوئے 4 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا ہے۔تفصیلات کے مطابق سی ٹی ڈی حکام نے لاہور کے علاقہ گوجر پورہ چائنہ اسکیم میں چھاپہ مار کر کالعدم تنظیم کے دو دہشت گردوں کو گرفتار کیا جن کی شناخت سعید اکبر اور محمد وزیر کے نام سے ہوئی ہے، ملزمان کے قبضے سے بارودی مواد اور دستی بم برآمد ہوئے ہیں، حکام کے مطابق گرفتار ملزمان نے لاہور میں بڑی دہشت گرد کارروائی کی منصوبہ بندی کا اعتراف کیا ہے۔دوسری جانب گوجرانوالہ کے علاقہ گلشن اقبال پارک جی ٹی روڈ پر سیکیورٹی فورسز کی جانب سے کارروائی کی گئی جس کے نتیجے میں کالعدم تنظیم کے دو دہشت گردوں محمد معاویہ اور عمر فاروق کو گرفتار کرلیا گیا، دہشت گردوں کے قبضے سے بارودی مواد، دو ڈیٹونیٹرز سمیت دیگر سامان برآمد ہوا ہے، سی ٹی ڈی نے گرفتار دہشت گردوں کو تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے۔ ملک محافظوں کی بڑی کارروائی دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا مبینہ دہشت گرد گرفتار ،بم و دیگر سامان برآمد۔جھنگ کی تحصیل شورکوٹ میں تحصیل چوک کے قریب تھانہ شور کوٹ سٹی اور حساس اداروں نے کارروائی کرتے مسافر بس کوروکا اور اس کی تلاشی لی تو بس سے ایک مبینہ دہشت گردکرامت خان کو گرفتار کر کے اس قبضہ سے تین ہزار سے زائد ڈیٹونیٹر ،بارودودیگر مواد برآمد کر لیا۔حساس اداروں کی جانب سے مبینہ دہشت گرد،مسافر بس ڈرائیور اور کنڈیکٹر کو تحقیقات کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔مبینہ دہشت گرد کرامت خان کا تعلق مردان سے ہے اور وہ پشاور سے بذریعہ بس کراچی جارہا تھا ۔ ٹیکسلاکی پہاڑیوں سے پولیس نے 2 مشکوک افراد کو حراست میں لے کرملزمان سے بھاری تعداد میں اسلحہ وبارود برآمد کر لیا ۔پولیس کے مطابق ٹیکسلا پہاڑیوں سے دو مشکوک افراد کو حراست میں لیا گیا ہے جن سے 200 ڈیٹونیٹر،500 میٹر ،بارود کے 15 پیکٹ ، جدید اسلحہ برآمد کر لیا گیا ہے۔ملزمان کی شناخت جاوید اور سجاد کے نام سے ہوئی ۔ پولیس نے بم ڈسپوزل اسکواڈ کی مدد سے بارود ناکارہ بنادیا۔ملزمان نے مارگلہ ہلز میں ایک ڈیرہ پر اسلحہ بارود چھپا رکھا تھا۔