میڈرڈ/ واشنگٹن(آئی این پی ) اسپین نے آزادی کا اعلان کرنے والے نیم خودمختار علاقے کاتالونیا کی حکومت کو برطرف اور پارلیمنٹ کو تحلیل کر تے ہوئے اسکے فوری طور پر کنٹرول میں لیے جانے کے احکامات جاری کر دیے غیرملکی میڈیا کے مطابق اسپین کے وزیر اعظم ماریانو راجاے نے کاتالونیا کی علاقائی پارلیمنٹ کی جانب سے آزادی کے اعلان کے کچھ ہی دیر بعد وہاں کی حکومت کو برطرف اور پارلیمنٹ کو تحلیل کردیا جب کہ 21 دسمبر کو قبل از وقت انتخابات کرانے کا اعلان کیا ہے۔جرمنی، امریکا، فرانس اور برطانیہ نے اسپین کی مرکزی حکومت کے اس اقدام کی پرزور حمایت کرتے ہوئے کاتالونیا کی آزادی کی مخالفت کی ہے۔ ٹی وی پر قوم سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم ماریانو راجائے نے کہا کہ کسی کو یہ حق نہیں کہ وہ قانون سے بالاتر ہوکر فیصلہ کرے، حالات کو معمول پر لانے کے لیے کاتالونیا پر براہ راست وفاق کا اقتدار نافذ کرنا ضروری ہے۔ہسپانوی وزیراعظم نے کاتالونیہ حکومت کے سربراہ کارلیس پوگیمونٹ اور ان کی کابینہ کو فارغ کرتے ہوئے پولیس کے ڈائریکٹر جنرل کو بھی معطل کر دیا۔ امریکہ نے کہا ہے کہ متحد اسپین کی حمایت کرتے ہیں، امریکا کاتالونیا کو اسپین کا ایک لازمی جزو سمجھتا ہے۔امریکا نے کاتالونیا کی پارلیمنٹ کی جانب سے آزادی کے اعلان پر ردعمل میں کہا ہے کہ واشنگٹن حکومت متحد اسپین کی حمایت کرتی ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ہیتھر نوئرٹ کے ایک بیان کے مطابق امریکا کاتالونیا کو اسپین کا ایک لازمی جزو سمجھتا ہے۔ نوئرٹ نے اسپین کے خود کو مضبوط اور متحد رکھنے کے آئینی اقدامات کی حمایت کی۔ امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان نے اپنے بیان میں اسپین اور امریکا کے درمیان قریبی سلامتی اور اقتصادی تعاون کا بھی ذکر کیا۔