تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے منڈی بہاءالدین میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے نوازشریف‘ زرداری نے عوام پر ظلم کیا۔ اکیس سال میرا مقابلہ سیاستدانوں سے نہیں مافیا سے ہوا۔ سیاستدانوں اور مافیا میں بڑا فرق ہے۔ عوام کی خدمت کرنے سے سیاست عبادت بن جاتی ہے۔ سیاستدان عوام کی خدمت کرتا ہے تو وہ عبادت ہے۔ تیس سال سے دو مافیا سیاست کے نام پر ملک کو لوٹ رہے ہیں۔ عزیر بلوچ نے اعتراف کیا آصف زرداری کے کہنے پر اس نے لوگوں کو قتل کیا۔ عزیر بلوچ کی جے آئی ٹی رپورٹ سامنے لائی جائے۔ عزیر بلوچ کہتا ہے زرداری کے کہنے پر 14شوگر ملوں پر قبضہ کیا۔ عزیر بلوچ نے آصف زرداری کے کہنے پر بلاول ہاﺅس کے اردگرد گھروں پر قبضہ کیا۔ عزیر بلوچ کا بیان ہے کہ پیپلزپارٹی کی قیادت کے کہنے پر اس نے خالد شہنشاہ کو قتل کیا‘ خالد شہنشاہ بے نظیر بھٹو قتل کیس کا گواہ تھا۔ شریف خاندان کے بچے بھی اربوں پتی بن گئے ہیں۔ پیسہ کیسے کمایا۔ شہبازشریف نے ماڈل ٹاﺅن میں 14 بندوں کو قتل کروا دیا۔ سپریم کورٹ نے شریف مافیا کو گاڈ فادر کہا۔ شریف مافیا 30سال سے پنجاب پر قبضہ کرکے بیٹھا ہے۔ یہ لوگ اقتدار میں آکر لوگوں کو خریدتے ہیں‘ پانچ مرلے کے گھر میں رہنے والے شریف خاندان نے اربوں روپے کیسے کمائے۔ میرے 1986ءمیں نوازشریف سے اچھے تعلقات تھے۔ میں اپنے دوست کی سفارش نوازشریف کے پاس لے کر گیا تو اگلے دن پولیس نے اُسے ڈنڈے مار مار کر مار دیا‘ مقروض قوم غلام ہوتی ہے‘ یہ قوم کے میرجعفر‘ میر صادق ہیں۔ ہم کسی صورت اپنی آزادی نہیں جانے دیں گے۔ انہوں نے اربوں روپے کے قرض لئے‘ قوم کو معاشی کمزوری تباہ کر دیتی ہے‘ عوام پر ان گنت ٹیکس ہیں کیا نوازشریف اور اسحاق ڈار نہیں جانتے قرضے کیسے لوٹائیں گے۔ بھیک مانگنے سے عزت چلی جاتی ہے، لوگ پیسہ دیں گے لیکن ان ڈاکوﺅں کو نہیں۔ میں اس ملک کی آمدن بڑھا کر دکھاﺅں گا۔ میں ایف بی آر میں قابل افراد کو لاﺅں گا۔ اس وقت عوام کو ٹیکس کے دباﺅ کا سامنا ہے۔ میں امیر لوگوں سے ٹیکس لے کر دکھاﺅں گا۔ کیا شریف خاندان اور زرداری ٹیکس دیتے ہیں۔ بڑے بڑے مگرمچھوں کو پکڑوں گا۔ کسان کی مدد کروں گا، اس کی زندگی میں آسانی لاﺅں گا۔ اقتدار ملا تو ایف بی آر کو ٹھیک کروں گا اور ٹیکس جمع کر کے دکھاﺅں گا۔ کرپشن اور منی لانڈرنگ ایک ہی چیز ہے۔ نیب کو ٹھیک کر کے دکھاﺅں گا۔ پاکستانیوں نے دبئی میں 800 ارب روپے کی جائیدادیں خریدی ہیں، اسحاق ڈار کے بچوں کے اربوں روپے کے ٹاورز ہیں، نواز شریف کے 300 ارب روپے باہر ہیں، زرداری کے برطانیہ، فرانس اور امریکہ میں محلات ہیں۔ میں آپ کو ٹیکس سے 8 ہزار ارب روپے اکٹھے کر کے دکھاﺅں گا میں باہر سے پیسے واپس لا کر دکھاﺅں گا۔ قوم پیروں پر کھڑی ہو گی تو دنیا عزت کرے گی۔ نواز شریف کہتے ہیں انہیں کیوں نکالا۔ اس لئے نکالا کہ انہوں نے 30 سال ملک کو لوٹا۔ غریب کے بچے کو مفت تعلیم دیں گے، ہم نیا پاکستان بنائیں گے۔ ہم بے روزگار افراد کو وظیفہ دیں گے۔ پاکستان کو خرچ کم کر کے آمدنی بڑھانا ہو گی۔ منی لانڈرنگ پر قابو پا کر منصفانہ ٹیکس کا نظام لائیں گے۔ کوئی دشمن ملک کو اتنا نقصان نہیں پہنچا سکتا جتنا انہوں نے پہنچایا۔ ہسپتالوں میں ایک ایک بیڈ پر چار چار مریض ہیں۔ خادم اعلیٰ سے بڑا ڈرامہ زندگی میں نہیں دیکھا۔ آن لائن کے ممطابق سماجی رابطے ری ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں عمران خان نے کہا عزیر بلوچ نے آصف زرداری اور ان کے خاندان کو بے نقاب کر دیا۔ پاکستان تحریک انصاف سیاست نہیں بلکہ پاکستان پر قابض مافیاز کے خلاف جہاد کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عزیر بلوچ نے زرداری اور ان کے خاندان کی کرپشن اور قبضہ مافیا کو بے نقاب کر دیا جنہوں نے غریب عوام کا خون چوسا ہے۔ مزید براں عمران خان 4 نومبر کو خانیوال میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ قبل ازیں میانوالی جلسے سے واپس اسلام آباد جاتے ہوئے قصبہ بلکسر میں قیام کے دوران عمران خان نے کہا اس ملک میں اتنا ٹیلنٹ اور اتنے وسائل موجود ہیں یہ پوری دنیا کا خوشحال ملک بن سکتا ہے مگر کرپشن، ناانصافی اور لیڈر شپ کے فقدان کی وجہ سے پاکستان اس وقت دنیا بھر میں نفرت کی نگاہ سے دیکھا جا رہا ہے۔ انشاءاللہ ہمیں موقع ملا تو عظیم پاکستان بنا کردکھائیں گے۔ اس موقع پر تحریک انصاف کے مقامی رہنما راجہ یاسر سرفراز نے عمران خان کو ضلع چکوال میں سیاحت کے حوالے سے مکمل بریفنگ د ی اور بتایا سالٹ رینج کے علاقے کی تاریخ کروڑوں سال پرانی ہے اور یہاں سے اس وقت بھی ڈیڑھ سو سے زائد ایسے مقامات ہیں جو ایک ہزار سال سے لیکر 2کروڑ 80لاکھ سال پرانے ہیں۔
عزیز بلوچ نے زرداری خاندان کی کرپشن بےنقاب کردی، شریف فیملی کے بچے ارب پتی بن گئے: عمران
Oct 29, 2017 | 22:22