لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے ماضی کے 10 سالہ دور کے مقابلے میں تحریک انصاف کی 2 ماہ کی کارکردگی بہتر ہے۔ عام آدمی کو بنیادی حقوق کی فراہمی اور ان کی فلاح و بہبود کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جارہے ہیں۔ عوام پرانے پاکستان سے نکل کر نئے پاکستان میں آنے پر بے حد خوش ہیں۔ عوام کے مسائل کو ان کی توقعات کے مطابق حل کرنے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔ کپتان ملک کو بحران سے نکالنے کیلئے اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لارہے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان اور ان کی پوری ٹیم قومی مفادات کو مقدم رکھتے ہوئے دن رات کام کررہی ہے۔ وزیراعظم عمران خان عام آدمی کی امیدوں کا محور ہیں۔ کپتان کی قیادت میں پاکستان اپنی کھوئی ہوئی منزل حاصل کرے گا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ان خیالات کا اظہار مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے ان سے وزیراعلیٰ آفس میں ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پرلوگوں کے مسائل سنے اور ان کے حل کیلئے احکامات دیئے۔ وزیراعلیٰ نے کہا قوم کی عمران خان سے وابستہ توقعات کو پوری کرنے کیلئے دن رات ایک کردیں گے۔ عمران خان کی قیادت میں نئے پاکستان کی منزل کے حصول کا سفر تیزی سے جاری و ساری ہے۔ میرٹ اور گڈ گورننس تحریک انصاف کی ترجیحات میں سرفہرست ہے۔ وزیراعظم کے وژن کے مطابق صوبے کے عوام کی امیدوں پر پورا اتریں گے۔ انہوں نے کہا پنجاب کے دور افتادہ، پسماندہ اور محرومیوں کے شکار علاقوں کی ترقی کیلئے دن رات کام کررہے ہیں۔ نئے پاکستان کا جو خواب پوری قوم نے دیکھا، آج اس کی تعبیر سامنے آرہی ہے۔ حقیقی تبدیلی لاکر عوام کو ریلیف دیں گے اور تبدیلی سب کونظر آئے گی۔ نئے پاکستان کی تعمیر اور یہ تبدیلی پاکستان کے عوام کی خدمت کیلئے ہے اور ہمارا مقصد عام آدمی کو سہولتوںؒ کی فراہمی اور ان کا معیار زندگی بلند کرناہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی اختیار کی گئی ہے۔ کرپشن کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ ماضی میں قومی مفادات کو نظر انداز کیا گیا۔ سابق دور ذاتی مفادات کا دور تھا جبکہ تحریک انصاف ہر سطح پر قومی مفاد کو ترجیح دے رہی ہے۔ سابق حکمران قومی مفادات کو ترجیح دیتے تو آج ملک کی یہ حالت نہ ہوتی۔ بدقسمتی سے سابق ادوار میں حکمرانوں نے اپنی ذمہ داریاں ادا نہیں کیں۔ سابق دور کی غلط پالیسیوں کا خمیازہ عوام کو بھگتنا پڑرہا ہے۔ تحریک انصاف کی حکومت عوام کی حکومت ہے، کپتان کی قیادت میں ہر چیلنج پر قابو پائیں گے۔ مزید براں ترکی کے قومی دن کے موقع پر ترک صدر رجب طیب اردگان، ترک وزیراعظم اور ترک عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا پاکستان اور ترکی کے عوام کے مابین باہمی احترام کا مضبوط رشتہ موجود ہے۔ پاکستان اور ترکی کے درمیان لازوال تاریخی تعلقات ہیں۔ پاکستان اور ترکی کے عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں اور ہر گزرتے لمحے پاکستان اور ترکی کی دوستی مضبوط تر ہورہی ہے۔
عثمان بزدار