لاہور (صباح نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے پنجاب اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر سید حسن مرتضیٰ نے کہا ہے کہ وزیر خوراک اعدادو شمار کا ہیر پھیر کرنا چھوڑدیں ،محکمہ خورا ک کی کارکردگی انتہائی ناقص ہے ،گند م کی خریداری میں حکومت پنجاب ناکام ہوگئی ہے ، گندم کی خریداری کے لئے قرضہ حاصل کیا گیا اور اس مقصد کے لئے محکمہ خوراک نے کوئی بنک نہیں چھوڑا، ہر بنک سے محکمہ خوراک نے قرضہ لے کررکھا ہے ،قرض پر سالانہ 17کروڑ روپے سود ادا کیا جاتا ہے ،کہیں آئی ایم ایف اور کہیں ورلڈ بنک کواربوں روپے سود کی مدمیں ادا کئے جارہے ہیں تو ملکی بنک کو بھی ان گنت سود دیا جارہا ہے ،وزیر خوراک پنجاب پریس کانفرنس کرنا چھوڑ کر حقیقت پسندی کا مظاہرہ کریں ، وہ یہ بھی بتائیں کہ گندم کی خریداری میںکس طرح کسانوں کی عزت کو تارتار کیا گیا ،کسان کو اس کی محنت کا صلہ نہیں دیا گیا ۔