امریکی صدر کا البغدادی کے خلاف چھاپا مار کارروائی کی ویڈیو کے بعض حصے جاری کرنے کا اعلان

Oct 29, 2019 | 12:55

ویب ڈیسک

امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شام میں سخت گیر جنگجو گروپ داعش کے سربراہ ابوبکرالبغدادی کے خلاف اپنے فوجیوں کی چھاپا مار کارروائی کی ویڈیو کے بعض حصے جاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق صدر ٹرمپ نے واشنگٹن سے شکاگو روانہ ہوتے وقت گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس (ویڈیو) کے بعض حصے لے کر جاری کر سکتے ہیں۔امریکا کے خصوصی دستوں کی ہفتے کو شام میں چھاپا مار کارروائی میں البغدادی اپنے تین بچوں اور بعض ساتھیوں سمیت مارے گئے تھے۔صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اتوار کو اس چھاپا مار کارروائی کی تفصیل بیان کی تھی اور بتایا تھا کہ امریکی فوجیوں نے ابوبکر البغدادی کو ایک سرنگ میں مسدود کردیا تھا۔اس کے بعد انھوں نے خود کو اپنے تین بچوں سمیت دھماکے سے اڑا دیا تھا۔انھوں نے کہاکہ وہ کتے کی موت مراہے۔یوں صدر ٹرمپ نے اپنے پیش رو صدور سے ایک مختلف آہنگ و انداز میں اپنے ایک مخالف کی موت کا اعلان کیا تھا۔ان کے بہ قول داعش کے سربراہ نے اپنی خود کش جیکٹ کو دھماکے سے اڑایا تھا۔امریکی فوجی ان کا پیچھا کررہے تھے اور اس وقت وہ موت کی بند سرنگ میں پھنس کر رہ گئے تھے۔ان کی شناخت ہلاکت کے بعد ڈی این اے ٹیسٹ سے ہوئی تھی۔

مزیدخبریں