واسا لاہور کے سات ٹیوب ویلوں کو خودکار’’سکاڈاسسٹم‘‘ سے منسلک کردیاگیا

لاہور(کامرس رپورٹر) واٹراینڈسینی ٹیشن ایجنسی(واسا) لاہور کے جوہرٹاؤن میں واقع سات ٹیوب ویلوں کو خود کارسکاڈاسسٹم پر منتقل کر دیا گیاہے۔وزیر ہاؤسنگ میاں محمود الرشید نے جوہر ٹاون میں ٹیوب ویل خود کار سسٹم کا افتتاح کیا۔وائس چیئر مین واسا شیخ امتیاز محمود اور ایم ڈی سید زاہد عزیز بھی اس موقع پر موجود تھے۔میاں محمودالرشید نے اس موقع پر گفتگوکرتے ہوئے بتایاکہ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی مدد سے ٹیوب ویلز کوسکاڈا سسٹم پر منتقل کیا گیا ہے جس کے تحت ٹیوب ویلوں کے کنٹرول اورمانیٹر نگ میں آسانی ہو گی۔ خود کار نظام پر منتقلی سے افرادی قوت کا بہتر استعمال ممکن ہو گا اورسات ٹیوب ویلوں کو صرف تین افراد کنٹرول کرسکیں گے۔مزیدبراں بجلی کی خاطر خواہ بچت ہو گی۔ آئندہ 6 ماہ میں مزید 21 ٹیوب ویلز کو آٹومیشن پر منتقل کر دیا جائے گا۔انہوں نے بتایاکہ وزیراعظم کے ویڑن کے مطابق اداروں میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کو فروغ دیا جا رہا ہے۔ واسا انتظامیہ کو بہترین اقدام کرنے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ دیگر واساز میں بھی اس طرز کے منصوبے شروع کئے جائیں گے۔وائس چیئرمین واسا شیخ امتیاز محمود نے بتایاکہ واسا لاہور عوام کی بہتر سے بہتر خدمت کیلئے اقدامات کر رہا ہے اور ملک کے تمام پانی کی فراہمی کے اداروں کیلئے رول ماڈل ہے۔ ایم ڈی واسا سید زاہد عزیز نے بتایاکہ سکاڈا سسٹم کی تنصیب کیلئے سو فیصد مقامی افراد کی خدمات حاصل کی گئی ہیں اور انفارمیشن ٹیکنالوجی یونیورسٹی کے پروفیسرز اور آئی ٹی پروفیشنلز کی مدد سے سکاڈا سسٹم شروع کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ بعدازاں وزیرہاؤسنگ میاں محمودالرشید نے سکاڈا پر منتقل کئے گئے ٹیوب ویل کا دورہ بھی کیا۔

ای پیپر دی نیشن