اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے افغانستان کے ہم منصب حنیف اتمر سے ٹیلی فون پر گفتگو کی جس میں افغان امن عمل، دوطرفہ تعلقات، افغان مہاجرین کی اپنے گھروں کو واپسی اور علاقائی رابطوں سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اعادہ کیا کہ پاکستان پرامن، متحد اور مستحکم افغانستان کی حمایت کرتا ہے۔ انہوں نے افغان عمل میں پاکستان کی مثبت کاوشوںکا حوالہ دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ افغان قیادت اس تاریخی موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے بین الافغان مذاکرات کے ذریعے اجتماعیت کے حامل، وسیع البنیاد اور جامع سیاسی تصفیہ سے افغانستان میں پائیدار امن قائم کرے گی۔ وزیر خارجہ نے کہاکہ افغانوں کی قیادت میں افغانوں کو قبول عمل کے ذریعے اپنے مستقبل کے بارے میں افغان قوم کے فیصلہ کا پاکستان احترام کرے گا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ’خرابی‘ پیدا کرنے والوں پر نظر رکھنے کی ضرورت پر زور دیا جو نہیں چاہتے کہ افغانستان میں امن اور استحکام واپس آئے۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے افغان وولیسی جرگہ کے سپیکر میر رحمن رحمانی کی حالیہ آمد سمیت اعلی سطح کے دوروں میں اضافے اور اسلام آباد میں پاکستان افغانستان تجارتی و سرمایہ کاری فورم کے انعقاد کا خیرمقدم کیا۔ وزیر خارجہ نے جلال آباد کے سٹیڈیم میں رونما ہونے والے بدقسمت واقعہ میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ترک ہم منصب میولوت چاوش اولو کے ساتھ ٹیلیفون پر رابطہ کیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر خارجہ نے اپنے ترک ہم منصب کو ترکی کے ستانوے ریپبلک دن کی مبارک باد دی۔ وزیر خارجہ نے اسلاموفوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان کے حوالے سے ترک صدر رجب طیب اردگان کے ٹھوس موقف کو سراہا۔ ترک وزیر خارجہ نے کہا کہ اسلاموفوبیا کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان کا بیان قابل ستائش ہے۔ وزیر خارجہ نے ایف اے ٹی ایف کے حوالے سے ترکی کی جانب سے پاکستان کی حمایت پر، ترک وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔ ترک وزیر خارجہ نے ایف اے ٹی ایف کے ایکشن پلان پر کامیابی کے ساتھ عملدرآمد کے حوالے سے پاکستان کی کاوشوں کو سراہا۔ ترک وزیر خارجہ نے پشاور میں ہونیوالے دہشتگردی کے واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے نقصان پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے اظہار تعزیت کیا۔ دونوں وزرائے خارجہ کا خطے میں امن و استحکام سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے سابق سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی طرف سے بھارتی پائلٹ ابھی نندن کے حوالہ سے پارلیمنٹ میں دیئے گئے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایاز صادق نے جومؤقف بیان کیا وہ حقیقت کے برعکس ہے۔ ایاز صادق سے ایس بات کی توقع نہیں کرتا انٹیلی جنس معلومات پار لیمان کو اعتماد میں لیا تھا۔ انٹیلی جنس معلومات میں ابھی نندن کا ذکر نہیں تھا۔ ابھی نندن کے معاملے کو بلاوجہ متناع بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ بدقسمتی سے انہوں نے سب چیزوں کو سیاست کی نذر کر دیا ہے جو انتہائی افسوسناک ہے۔
افغان سرزمین پاکستان کیخلاف استعمال نہیں ہونی چاہیے:شاہ محمود،اسلامو فوبیا پر عمران کا بیان قابل ستائش: ترک وزیر خارجہ
Oct 29, 2020