احتساب عدالت نے شہباز شریف کیخلاف 12 پلاٹوں کا ریفرنس بند کرنے کی استدعا منظور کر لی

Oct 29, 2020

لاہور (اپنے نامہ نگار سے) احتساب عدالت نے مسلم لیگ (ن) کے صدر و قائد حزب اختلاف محمد شہباز شریف کیخلاف 12 پلاٹوں کا ریفرنس بند کرنے کی استدعا منظور کرلی۔ احتساب عدالت کے جج جواد الحسن نے نیب کی ریفرنس بند کرنے کی استدعا منظور کرلی۔ منی لانڈرنگ کیس کے جیل ٹرائل کے حوالے سے بھی ڈی جی نیب سے رپورٹ طلب کر لی گئی۔ شہباز شریف کے خلاف 12پلاٹوں کا ریفرنس بند کرنے کی درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ ایل ڈی اے کی عمارت میں آتشزدگی کے باعث تمام ریکارڈ جل کر خاکستر ہوچکا ہے، شہباز شریف پر جو الزامات لگائے گئے وہ اب ٹریس ایبل نہیں، شہباز شریف کے ملوث ہونے کے کوئی شواہد نہیں ملے، انکوائری میں نامزد متعدد افراد وفات پا چکے ہیں۔ احتساب عدالت نے گزشتہ سماعت کا تحریری حکم جاری کر دیا۔ احتساب عدالت کے ایڈمن جج جواد الحسن نے چار صفحات پر مشتمل تحریری حکم نامہ جاری کیا۔ حکم نامے میںکہا گیا ہے کہ ٹرائل کو جلد مکمل کرنے کے لیے جیل ٹرائل بہتر حل ہے۔ شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی پیشی کے موقع پر عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ موجودہ کرونا کی صورتحال کے پیش نظر ڈی جی نیب لاہور عدالت میں رپورٹ پیش کریں۔ تحریری حکم میں مزید کہا گیا ہے کہ نصرت شہباز کی حاضری معافی کی درخواست پر فیصلہ آئندہ سماعت پر کیا جائے گا۔

مزیدخبریں