لاہور/ اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار+ سپیشل رپورٹر+ وقائع نگار خصوصی) نبی آخرالزماں حضرت محمدﷺ کا جشن ولادت کل جمعہ بمطابق 12ربیع الاول مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جائے گا۔ اس دن کی مناسبت سے ملک بھر میں درود و سلام اور نعت خوانی کی محافل منعقد کی جائیں گی۔ سیمینارز اور کانفرنسز منعقد ہوں گی جن میں نبی کریم حضرت محمدﷺ کی سیرت اور اسلام کی سر بلندی کیلئے کی جانے والی عظیم کوششوںکو موضوع بنایا جائے گا۔ جشن عید میلاد النبی کے سلسلہ میں ملک بھر کے گلی، محلوں اور بازاروں کو خوبصورت روشنیوں، برقی قمقموں اور سبز جھنڈیوں سے سجا دیا گیا ہے۔ جبکہ سرکاری و نجی عمارتوں پر بھی چراغاں کیا گیا ہے۔ لاہور سمیت ملک بھر کے مختلف مقامات پر جلوس اور ریلیاں نکالی جائیں گی۔ امسال ملک بھر میں بھی جشن عید میلادالنبی اس عہد کی تجدید کے ساتھ منائی جارہی ہے کہ تحفظ ناموس رسالت و ختم نبوت کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔ حکومت نے ملک بھر میں 12 ربیع الاول سے 17 ربیع الاول تک ہفتہ عشق رسول منانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ملک بھر کی طرح لاہور میں بھی خاتم النبینﷺ کے جشن ولادت کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئی ہیں جبکہ شہر کی اہم عمارتوں اور گلی کوچوں کو برقی قمقموں اور جھنڈوں سے سجادیا گیا ہے۔ جشن میلاد النبیﷺ کے حوالے سے شہر کے مختلف علاقوں میں سٹالز لگائے گئے ہیں جہاں شہری بڑی تعداد میں جشن ولادت کے حوالے سے جھنڈے، بیجز، لائٹیں، اور دیگر آرائشی اشیاء کی خریداری کررہے ہیں۔ حکومت پنجاب نے عید میلاد النبی کے لئے کل سرکاری تعطیل کا اعلان کر دیا ہے۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ کل تمام سرکاری ادارے بند رہیں گے۔ سول سیکرٹریٹ کے افسران کو جمعہ کے روز عید میلاد النبیؐ ہونے کی وجہ سے تین چھٹیاں ہوں گی۔