گستاخانہ خاکوں پر اقوام متحدہ کو کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے: رفیق تارڑ

Oct 29, 2020

لاہور (نیوز رپورٹر) تحریک پاکستان کے مخلص کارکن‘ سابق صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان و چیئرمین نظریۂ پاکستان ٹرسٹ محمد رفیق تارڑ، چیئرمین تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ چیف جسٹس (ر)  میاں محبوب احمد، جسٹس(ر) خلیل الرحمن خان، میاں فاروق الطاف، سینیٹر ولید اقبال، چودھری نعیم حسین چٹھہ، کارکنان تحریک پاکستان کرنل(ر) محمد سلیم ملک ، چودھری ظفر اللہ خان، خواجہ خورشید وائیں ، ایم کے انور بغدادی، میاں ابراہیم طاہر، بیگم ثریا خورشید، بیگم مہناز رفیع، ڈاکٹر پروین خان، بیگم صفیہ اسحاق ، بیگم خالدہ جمیل اور نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے سیکرٹری شاہد رشید نے اپنے ایک مشترکہ بیان میںفرانسیسی اخبار چارلی ہیبڈو کے شائع کردہ گستاخانہ خاکوں اور فرانسیسی صدر کے مسلمانوں اور اسلام مخالف بیانات کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔ مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ نبی کریمؐ سے محبت ہمارے ایمان کا بنیادی جزو ہے۔ مسلمان گستاخی کو ہرگز براشت نہیں کریں گے، ایسے حالات میں امت مسلمہ کو متحد ہو کر اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔ آزادیٔ اظہار کے نام پر مسلمانوں کے جذبات سے کھیلنے کا سلسلہ بند کیا جائے۔ اس معاملہ کو اقوام متحدہ میں اٹھایا جائے اور آئندہ ایسے واقعات کے تدارک کیلئے موثر حکمت عملی بنائی جائے۔ فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون تمام مسلمانوں سے معافی مانگیں۔

مزیدخبریں