فرانسیسی صدر بین الاقوامی ضابطوں کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے:قاضی نیاز حسین

Oct 29, 2020

لاہور (خصوصی نامہ نگار)وفا ق المدارس الشیعہ کے نائب صدر علامہ قاضی نیاز حسین نقوی نے واضح کیا ہے کہ رسول اکرمؐ کی شان میں گستاخی کی جسارت کسی طور برداشت نہیں کی جا سکتی۔فرانسیسی صدر میکرون کے بیانات مذہبی احترام کے بین الاقوامی ضابطوں کی کھلی خلاف ورزی ہے جس کا عالمی اداروں کو نوٹس لینا چاہئے۔وقفے وقفے سے مغرب کا اسلامی مقدسات کی توہین ایک وطیرہ بن چکا ہے جو کسی قیمت پر برداشت نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ آزادی اظہار رائے کے نام پر دینی مقدسات کی توہین ناقابلِ معافی جرم ہے جس کے مرتکب اللہ کے عذاب اور امت مسلمہ سے نہیں بچ سکیں گے۔دنیا کے باشعورطبقات کو تنقید اور توہین کے فرق کو تسلیم کرتے ہوئے اپنی ذمہ داریاں ادا کرنا ہوں گی ورنہ کسی مذہب کا احترام باقی نہ رہے گا اور مذہب سے متعلق تنازعات کے نتیجہ میں پیدا ہونے والی صورتحال کنٹرول کرنا کسی کے بس میں نہ ہو گی۔

مزیدخبریں