لاہور (وقائع نگار خصوصی) چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ محمد قاسم خان سے ملتان اور قائد آباد بار ایسوسی ایشنز کے وفود نے ملاقاتیں کیں۔جلد اور معیاری انصاف کو یقینی بنانے سمیت دوطرفہ باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کرنے والوں میں بار ایسوسی ایشنز کے صدور، سیکرٹری جنرلز اور دیگر عہدیداروں سمیت سینیئر بار ممبران بھی شامل تھے۔ رجسٹرار ملک مشتاق احمد اوجلہ بھی موجود تھے۔ وکلاء وفود نے چیف جسٹس کو وکلاء کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا اور بارز کی فلاح و بہبود کیلئے اقدامات کرنے کی درخواست کی۔ چیف جسٹس قاسم خان نے کہا جلد انصاف کی فراہمی میں بارز کا مرکزی کردار ہے، بارز کے تمام مسائل حل لاہور ہائی کورٹ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ وکلاء اور بار کو سہولیات کی فراہمی کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ وکلاء رہنماؤں نے بار اور بنچ کے مابین روابط کو مزید مضبوط کرنے کا اعادہ بھی کیا اور جلد اور معیاری انصاف کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے لاہور ہائی کورٹ کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات کی بھرپور تائید کی۔
ملتان‘ قائد آباد بارز کے وفد کی ملاقات: وکلاء کے مسائل کا حل ترجیح ہے: چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ
Oct 29, 2020