لاہور (شوبز رپورٹر) شہرہ آفاق ناول ’’جان‘‘ کی مصنفہ معروف ادیبہ شاہینہ چندا مہتاب دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئیں۔ مرحومہ چیف نیوز ایڈیٹر نوائے وقت دلاور چودھری کی خواہر نسبتی (سسٹر ان لا) تھیں اور صحافی بشریٰ دلاور کی ہمشیرہ تھیں۔ انکی عمر 58 برس تھی۔ انہیں مقامی قبرستان (اچھرہ) میں سپردخاک کر دیا گیا۔ شاہینہ چندا نے 80ء کی دہائی میں اپنے تخلیقی سفر کا آغاز کیا جو انکی وفات تک جاری رہا۔ انکے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ انتہائی باصلاحیت ادیبہ تھیں۔ انکے باوقار ناولز میں اک بار مسکرا دو‘ صبا‘ محبت‘ سیمی‘ جان‘ چھونا نہیں‘ آوارہ‘ تھکن‘ خوبصورت فیصلہ‘ محبت مار دیتی ہے اور دیگر شامل ہیں۔ رومانوی ناول جان نے مرحومہ کو لازوال شہرت سے نوازا جس کے اب تک 15 ایڈیشن شائع ہو چکے ہیں۔ رواں سال جولائی میں یہ ناول آڈیو کی صورت میں یو ٹیوب پر بھی ریلیز ہوا ہے۔ جان سمیت ان کے تمام ناول ایک APP کے ذریعے گوگل کی زینت بنے ہوئے ہیں۔