امریکہ علاقائی امن واستحکام کونقصان پہنچانا بند کرے:بھارت میں چینی سفارتخانے کا مطالبہ

نئی دہلی(شِنہوا)بھارت میں چینی سفارتخانے نے امریکہ سے حقائق اورسچائی کا احترام کرنے،سرد جنگ اور کسی کے نقصان کی قیمت پرفائدہ حاصل کرنے کی ذہنیت ترک کرنے اور نام نہاد چینی خطرے کو بڑھا چڑھا کر پیش کرنے کی روش اورعلاقائی امن واستحکام کے لئے نقصان دہ اقدامات روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔یہ بیان امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو اور وزیر دفاع مارک ایسپر کے بھارت-امریکہ ٹو پلس ٹو وزارتی مذاکرات میں شرکت کے لئے دورہ بھارت کے دوران چین کے خلاف کھلم کھلا حملے کے جواب میں جاری کیاگیا۔بیان میں کہا گیا کہ  پومپیو اوردیگر اعلی امریکی حکام کے مسلسل جھوٹ ،چین  کے خلاف حملے اورالزام تراشی بین الاقوامی تعلقات کے معیارات اورسفارت کاری کے بنیادی اصولوں کی خلاف ورزی ہے،خطے کے دیگرممالک کے ساتھ چین کے تعلقات کو بھڑکانے سے ان کی سرد جنگ کی ذہنیت اور نظریاتی تعصب ایک بار پھر بے نقاب ہوا ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ چین اس کی سخت مخالفت کرتا ہے۔بیان میں کہاگیا ہے کہ  امریکہ نے ایک بار پھر کوویڈ-19 کا الزام چین پر عائد کرنے کی کوشش کی ، جو حقیقت میں حقائق کو مسخ اور عوام کو گمراہ کرنا ہے،اور یہ کہ چین نے اس وائرس کے خلاف جو کچھ کیا اور جو کامیابیاں حاصل  کی ہیں وہ سب پر عیاں ہے۔ہم امید کرتے ہیں کہ امریکی سیاست دان  دوسروں پر الزام عائد کرنے کی بجائے وبا کے خلاف اپنے ردعمل اور زندگیاں بچانے پر توجہ مرکوز کریں گے۔

ای پیپر دی نیشن