اسلام آباد(وقائع نگار)چیئر مین وفاقی ترقیاتی ادارہ(سی ڈی اے )کی ہدایات پر شہر کی اہم شاہراہوں پر لین مارکنگ اور کرب اسٹون پینٹ کا کام تیزی سے جاری ہے۔پہلے مرحلہ میں ایف فائیو،ایف سکس،ایف سیون، ایف ایٹ،ایف ٹین،جی سیون، ایکسپریس وے،سری نگر ہائی وے، لہتراڑ روڈ، سیونتھ ایونیو،بلیو ایریاسمیت دیگر شاہراہوں پر لین مارکنگ کی جارہی ہے۔تفصیلات کے مطابق شہریوں کو بہترین سفری سہولیات کی فراہمی اور شاہراہوں کی خوبصورتی میں اضافے کیلئے چیئرمین سی ڈی اے وفاقی ترقیاتی ادارہ (سی ڈی اے )عامر علی احمد کی خصوصی ہدایات پر سی ڈی اے کے تمام شعبہ جات متحرک ہو چکے ہیں ۔اسی ضمن میں شہر بھر کے اہم سیکٹرز اور شاہراہوں پر لین مارکنگ اور کرب اسٹون پینٹ کا کام تیزی سے کیا جارہا ہے۔آئندہ چند دنوں میں تمام مرکزی شاہراہوں پر لین مارکنگ اور کرب اسٹون پینٹ کا کام مکمل کرلیا جائے گا،جبکہ دوسرے مرحلہ پر چھوٹی سڑکوں کی لین مارکنگ اور کرب اسٹون پینٹ کا آغاز کیا جائے گا۔اس مقصد کیلئے چیئر مین سی ڈی اے نے سی ڈی اے کے شعبہ روڈ مینٹینینس کوہنگامی بنیادوں پر فنڈز فراہم کئے ہیں ۔جبکہ چیئر مین سی ڈی اے عامر علی احمدخصوصی طور پر جاری کام کی جانچ پڑتال کیلئے ازخود اچانک دورے بھی کررہے ہیں۔شعبہ روڈ مینٹینینس کی جانب سے لین مارکنگ اور کرب اسٹون کا کام تیزی کے ساتھ کیا جارہا ہے۔سیکٹر ایف فائیو اور ایف سکس میں 13 کلومیٹر لین مارکنگ جبکہ کرب اسٹون پینٹ 12کلومیٹر کیا گیا ہے،سیکٹر ایف سیون میں 4کلومیٹر لین مارکنگ جبکہ کرب اسٹون پینٹ8 کلومیٹر،ایف ایٹ میں 6کلومیٹر لین مارکنگ جبکہ کرب اسٹون پینٹ ڈیڑھ کلومیٹر،سیکٹرایف ٹین میں ڈیڑھ کلومیٹر لین مارکنگ جبکہ 4کلومیٹر کرب اسٹون پینٹ،جی سیون میں ایک کلومیٹر لین مارکنگ جبکہ 2کلومیٹر کرب اسٹون پینٹ کیا جاچکا ہے۔ تاہم جلد ہی ایف سکس،ایف سیون، ایف ایٹ،ایف الیون ،جی فائیو،جی سکس،جی سیون، جی ایٹ جی نائن، جی ٹین، جی الیون،آئی نائن،آئی ٹین،ای سیون،ڈی بارہ سمیٹ دیگر سیکٹروں میں بھی کرب اسٹون پینٹ اور لین مارکنگ مکمل کرلی جائے گی۔