کورونا کی دوسری لہر کے پیش نظر ملک بھر میں آج سے عوامی مقامات پرماسک پہننا لازم ہوگا جبکہ رات دس بجے تک کاروبارزندگی بند رکھنے کے احکامات جاری کردیئے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق حکومت کی جانب سے ملک بھر میں ماسک سے متعلق پابندی کا اطلاق آج سے ہوگا ، جس کے بعد پبلک ٹرانسپورٹ، عوامی اجتماع ، مارکیٹوں ،بس اڈوں اور ریلوے اسٹیشنوں پر سب کو ماسک پہننا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
بڑھتے ہوئے کورونا کیسز کے باعث کراچی، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، ملتان، گلگت، مظفرآباد ، پشاور ، کوئٹہ اور حیدرآباد سمیت دیگر شہروں میں پابندی کا اطلاق ہوگا۔ان تمام شہروں میں مارکیٹیں،شاپنگ مالز ،شادی ہالز،ریسٹورنٹس وغیرہ کوہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ رات دس بجے تک اپنے معاملات بند کردیں، اس کے علاوہ میڈیکل سٹورز،کلینک اورہسپتال مریضوں کوخدمات فراہم کرتے رہیں گے۔
تفریحی مقامات اورپبلک پارکوں کوشام چھ بجے تک بند کرنے کے احکامات جاری کئے گئے، این سی او سی نے بڑے شہروں میں کرونا کے کیسز دو فیصد سے زائد ہونے کے بعد یہ فیصلے کئے۔
خیال رہے وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں ماسک نہ پہننے پر دفعہ 144 نافذ کردی گئی تھہ اور کہا گیا تھا کہ ماسک نہ پہننے پر جرمانہ اور پولیس کی جانب سے گرفتاری عمل میں لائی جاسکتی ہے۔
گذشتہ روز این سی اوسی نے گھر سے نکلتے وقت فیس ماسک پہننا لازمی قرار دیتے ہوئے کہا تھا عوامی مقامات، رش والی جگہوں پرفیس ماسک لازمی پہنیں جبکہ سرکاری و نجی دفاتر میں ماسک لازمی پہننا ہو گا۔