ملتان (نیوز رپورٹر)چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئر محسن رضا خان نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب میں صارفین کو بہتروولٹیج کے ساتھ بجلی فراہم کرنے کے لئے نئے گرڈاسٹیشنز کی تعمیرو تنصیب کی جارہی ہے جس سے گھریلو، کمرشل ، صنعتی اور ٹیوب ویلوں کو بہتروولٹیج کے ساتھ بجلی کی فراہمی ہوگئی ہے ۔ نئے 132KVبُچ ولاز گرڈاسٹیشن کے قیام سے ہزاروں صارفین کی کم وولٹیج اور ٹرپنگ کی شکایات کا مکمل خاتمہ ہوگیاہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے نئے 132KVبُچ ولاز گرڈاسٹیشن ملتان سے بجلی کی فراہمی کا افتتاح کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ 30کروڑ50لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے نئے 132KVبُچ ولازگرڈاسٹیشن میں 20/26ایم وی اے کا ایک پاورٹرانسفارمر نصب کیاگیاہے۔ 5.5کلومیٹر طویل (Lynx) ٹرانسمیشن لائن بچھائی گئی ہے ۔ بُچ ولاز ہائوسنگ سوسائٹی نے میپکو کو گرڈاسٹیشن کے قیام کے لئے 32کینال اراضی دی ہے ۔