لاہور(سپورٹس رپورٹر) صوبائی وزیر کھیل و امورنوجوانان رائے تیمورخان بھٹی نے کہا ہے کہ نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس لاہور میں جدید سہولیات سے آراستہ فائیو سٹار ہوٹل تعمیر کیا جائے گا اس منصوبے کو پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت نجی شعبے کے تعاون سے تعمیر کیا جائے گا،ہوٹل کرکٹ سمیت تمام کھیلوں کے مقابلوں کے لئے دستیاب ہوگا۔ اس بات کا فیصلہ گذشتہ روز ہونے والے ایک اجلاس میں کیا گیا۔ جس میں ڈائریکٹرجنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ، ڈائریکٹر ایڈمن جاوید چوہان،ڈائریکٹر سپورٹس حفیظ بھٹی، ڈپٹی ڈائریکٹرپلاننگ رو¿ف باجوہ، پی پی پی اتھارٹی پنجاب، پنجاب پولیس، پاکستان کرکٹ بورڈ کے سیکیورٹی ہیڈ کرنل(ر) اشفاق احمد اور دیگر حکام نے شرکت کی۔ وزیر کھیل وامورنوجوانان پنجاب رائے تیمور بھٹی نے کہا کہ فائیو سٹار ہوٹل کی تعمیر سے لاہور میں کھیلوں کے نیشنل اور انٹرنیشنل مقابلے منعقد کرنے میں آسانی ہوگی، موجودہ صورتحال میں سیکیورٹی وجوہات پر لاہور شہر کے بیشتر حصوں کو بند کرنا پڑتا ہے،ہوٹل کی تعمیر سے لاہور کے شہریوں کے لئے آسانی پیدا ہوگی،قانون نافذ کرنے والے ادارے بھی موثر سیکیورٹی انتظامات کرسکیں گے،حکومت کی جانب سے سیکیورٹی کے لئے خرچ کیے جانے والے وسائل میں بچت ہوگی۔ منصوبے کے لئے کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل کرنے کے لئے تین کروڑ روپے کی منظوری دی گئی ہے ہوٹل کو جدید سہولیات سے آراستہ کیا جائے گا۔