اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) پاکستان کی عسکری قیادت نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ مسلح افواج کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیں گی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جنرل ندیم رضا کی سربراہی میں جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں تینوں مسلح افواج کے سربراہان نے شرکت کی۔ اجلاس میں سکیورٹی امور بشمول سٹرٹیجک اور روایتی پالیسیوں کے امور پر گفتگو کی گئی۔ اجلاس میں خطے بالخصوص افغانستان کی تازہ صورتحال زیرغور آئی اور درپیش چیلنجز اور ان سے نبردآزما ہونے کے مسلح افواج کے پلان پر غور کیا گیا۔ عسکری قیادت نے مسلح افواج کی تیاریوں پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ مسلح افواج کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دے گی۔ عسکری قیادت نے کہا کہ جامع سکیورٹی حکمت عملی کے تحت ہر خطرے کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ اجلاس میں سکیورٹی فورسز کی دہشت گردی کیخلاف قربانیوں کو سراہا گیا۔ جنرل ندیم رضا نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ جوائنٹ سٹاف ہیڈکوارٹرز قومی نقطہ نظرکے تحت قومی سکیورٹی اور دفاع کے تحفظ کے لئے کوشاں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلح افواج پاکستان کو درپیش تمام دفاعی اور سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے تیار ہیں۔
سیکورٹی چیلنجزسے نمٹنے کیلئے تیار،کسی بھی جارجیت کابھرپور جواب دینگے
Oct 29, 2021