مہنگائی مزید بڑھے گی: وزارت خزانہ، آئوٹ لک رپورٹ


اسلام آباد (نیٹ نیوز+ نمائندہ خصوصی) نجی ٹی وی کے مطابق وزارت خزانہ نے عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمت بڑھنے سے مہنگائی میں مزید اضافے سے خبردار کر دیا ہے۔ وزارت خزانہ نے رواں مالی سال کے پہلے 3 ماہ کی آؤٹ لک رپورٹ جاری کر دی۔ جس میں کہا گیا ہے کہ 3 ماہ میں مہنگائی کی سالانہ شرح 8.6 فیصد ریکارڈ کی گئی۔  ڈالر کے ریٹ اور موسمیاتی عوامل کے باعث مہنگائی بڑھ رہی ہے۔ وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ حکومت نے عالمی مارکیٹ میں مہنگائی کا دباؤ عوام کو منتقل نہیں کیا۔ عالمی مارکیٹ کے جھٹکے مزید نہ لگے تو سالانہ مہنگائی کم ہو سکتی ہے۔ وزارت خزانہ نے ملکی معیشت پر ماہانہ اپ ڈیٹ آئوٹ لک رپورٹ میں بتایا ہے کہ ترسیلات زر، نان ٹیکس آمدنی اور غیر ملکی سرمایہ کاری میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ برآمدات، درآمدات، ایف بی آر محصولات اور بڑی صنعتوں کی پیداوار میں اضافہ ہوا ہے۔ تین ماہ میں ترسیلات زر 12.5فیصد اضافے سے 8ارب ڈالر ریکارڈ کی گئیں۔ رپورٹ کے مطابق ملکی برآمدات 35.2 فیصد اضافے سے 7.2ارب ڈالر کی سطح تک پہنچ گئی ہیں۔ ملکی درآمدات 64.3  فیصد اضافے سے 17.5ارب ڈالر کی سطح تک پہنچ گئیں۔ پاکستان کے کرنٹ اکائونٹ خسارے میں 3.4ارب ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ کرنٹ اکائونٹ خسارہ جی ڈی پی کا4.1فیصد ریکارڈ کیا گیا۔ وزارت خزانہ نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری 4فیصد کمی سے 439.1 ملین ڈالر رہی۔ پورٹ فولیو سرمایہ کاری مثبت رجحان کے ساتھ 979.8ملین ڈالر تک پہنچ گئی۔ مجموعی غیر ملکی سرمایہ کاری مثبت رجحان کے ساتھ 1.31 ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔ پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر ستمبر کے تیسرے ہفتے تک 24 ارب ڈالر ہوگئے ہیں۔ تین ماہ میں ٹیکس ریونیو 38.2 فیصد اضافے سے 1396 ارب روپے رہا۔ جولائی میں مالیاتی خسارہ بڑھ کر 462ارب روپے کی سطح تک پہنچ گیا۔ ستمبر میں مہنگائی کی ماہانہ شرح 9فیصد ریکارڈ کی گئی۔ 3 ماہ میں مہنگائی کی سالانہ شرح 8.6فیصد ریکارڈ کی گئی۔ بڑی صنعتوں کی شرح نمو اگست میں 12.7فیصد تک پہنچ گئی۔ علاوہ ازیں ترجمان  وزارت خزانہ  نے کہا  ہے کہ سعودی عرب 3 ارب ڈالر پاکستان میں رکھے گا جس سے ملکی ریزرو 27ارب ڈالر  سے تجاوز کر جائیں گے۔ سعودی عرب کی طرف سے تین ارب ڈالر ملنے کے بعد سٹیٹ بینک کے زرمبادلہ کے ذخائر21ارب ڈالر  ہو جائیں گے ۔ وزارت خزانہ کے ترجمان مزمل اسلم نے کہا کہ سعودی  ڈیپازٹ آ جانے کے بعد ملک کے مجموعی زرمبادلہ کے ذخائر 27ارب ڈالر سے تجاوز کر جائیں گے۔

ای پیپر دی نیشن