اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) تینوں مسلح افواج سے تعلق رکھنے والی عسکری قیادت نے ’’ڈیسٹنگوشڈ وزیٹرز ڈے‘‘ کی مناسبت سے پاک فضائیہ کے آپریشنل ائیربیس پر جاری کثیر ملکی عسکری فضائی مشق ’’ایسز میٹ2020-21‘‘ کا جائزہ لیا۔ مہمانوں میں کمانڈر ایئر فورس اسٹریٹجک کمانڈ ایئر وائس مارشل میجر جنرل آصف محمود گورایا (جی او سی 3 ائیر ڈیفنس ڈویژن)، ائیر وائس مارشل شاہد منصور جہانگیری (ڈائیریکٹر جنرل جوائنٹ آپریشنز)، ائیر وائس مارشل کاشف قمر (ڈائریکٹر جنرل لاجسٹکس)، ائیر وائس مارشل اکرام نور (مشیر برائے ایڈمنسٹریشن سربراہ پاک فضائیہ)، ائیر وائس مارشل عاصم رشید ملک (ڈائیریکٹر جنرل ایرو انجینئرنگ) اور ریئر ایڈمرل نعیم سرور(ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز پاک بحریہ) شامل تھے۔ پاک فضائیہ اور ترک فضائیہ15 اکتوبر2021 ء سے شروع ہونے والی دوہفتوں پر محیط ان فضائی مشقوں میں سرگرمی سے حصہ لے رہی ہیں جبکہ برطانیہ اور ازبکستان کی فضائیہ کو بطور مبصر مشقوں میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔