اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) تئیسویں نیشنل سکیورٹی ورکشاپ کے شرکاء نے نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا۔ وفد کی قیادت ڈائریکٹر جنرل انسٹیٹیوٹ آف سٹرٹیجک سٹڈیز اینڈ ریسرچ اینالیسس (ISSRA) میجر جنرل احسان محمود خان کر رہے تھے۔ ورکشاپ کے شرکاء کو پاک بحریہ کے چیلنجز اور لائحہ عمل بشمول میری ٹائم سیکٹر اور سماجی و اقتصادی ترقی میں پاک بحریہ کے کردار کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے خطاب کرتے ہوئے میری ٹائم سکیورٹی اور پاکستان کی بحری استعداد سے متعلق امور پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ نیول چیف نے میری ٹائم اور کوسٹل سکیورٹی کو بڑھانے، تعلیم اور صحت کے شعبے میں معاونت اور ساحلی علاقوں کی سماجی و اقتصادی ترقی میں پاک بحریہ کے اقدامات پر زور دیا۔ ورکشاپ کے شرکاء میں اراکین پارلیمنٹ، سیاستدان، بیوروکریٹس، مسلح افواج کے افسران کے ساتھ ساتھ سول سوسائٹی کے نمائندے بھی شامل تھے۔ شرکاء نے پاک بحریہ کی کاوشوں کو بے حد سراہا اور قیمتی تجاویز پیش کیں۔