سٹریم گیس پائپ لائن منصوبے، پا ک روس جوائنٹ ٹیکنیکل کمیٹی کے مذاکرات ختم 

Oct 29, 2021

اسلام آباد(نا مہ نگار) پاکستان اور روس کے درمیان اسٹریم گیس پائپ لائن منصوبے پرجوائنٹ ٹیکنیکل کمیٹی کا اجلاس تین روز جاری رہنے کے بعد کامیابی سے اختتام پذیر ہو گیا ہے،مذاکرات میں پاکستان  سٹریم گیس پائپ لائن منصوبے (پی ایس جی پی)کے ڈرافٹ شیئر ہولڈرز ایگریمنٹ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ،پاکستان کی طرف سے مذاکرات میں سیکرٹری پٹرولیم ڈاکٹر ارشد محمود کی سربراہی میں وفد نے شرکت کی، جبکہ اس کے علاوہ اے جی آفس،وزارت خارجہ،وزارت قانون و انصاف ،وزارت خزانہ،ایس ای سی پی،اوگرا،آئی ایس جی ایس ،جی ایچ پی ایل اور پیٹرولیم ڈویژن کے اعلیٰ حکام بھی مذاکرات میں شریک ہوئے،روسی ٹیکنیکل ٹیم کی سربراہی  ڈی جی اسٹریم گیس لیمیٹڈ ولادی میر ونے دوسری اعلی حکام کے ساتھ کی،مذاکرات خوشگوار ماحول میں ہوئے جس میں منصوبے سے متعلق اہم امور پر تفصیلی غورو خوض کیا گیا اور اہم امور پر اتفاق رائے کر لیا گیا،روسی وفد کی ایک ملاقات بینکوں کی سربراہی میںفنانشل ایدوائزر سے کرائی گئی جس میں اس طرح کے منصوبوں کاعالمی تناظر میں جائزہ لیا گیا جبکہ اس کو ایشیائی اور عالمی مارکیٹس کے مطابق بھی دیکھا گیا۔مذاکرات میں دونوں ممالک کے وفود نے آئندہ ہفتے شیئرہولڈرز ایگریمنٹ پر کام جاری رکھنے پر اتفاق کیا ،اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ 8نومبر2021 سے شروع ہو نے والے ہفتے کے دوران باقاعدہ مذاکرات شروع کیے جائیں گے،روسی وفد نے مذاکرات کے خوشگوار ماحول میں انعقاد پر پاکستانی ٹیم کا شکریہ ادا کیا جن میں شیئر ہولڈرز ایگریمنٹ پر معاملات کو خوش اسلوبی سے نمٹایا گیا،دونوں وفود نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ نومبر کے مہینے میں اس سٹریٹجک منصوبے کے شیئر ہولڈرز ایگریمنٹ کو حتمی شکل دے دی جائے گی ،پاک سٹریم گیس پائپ لائن منصوبہ پاکستان اور روس کے تعلقات کے حوالے سے ایک فلیگ شپ منصوبہ ہے اس کی تکمیل سے باہمی اعتماد، دوستانہ و پائیدار تعلقات میں اضافہ ہو گا۔

مزیدخبریں