اسلام آباد(وقائع نگار)سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے ہائوسنگ اینڈ ورکس کی ذیلی کمیٹی کو غیر رسمی طور پر بتایا گیا کہ جی تیرہ میں سرکاری ملازمین کیلئے بنائے جانیوالے فلیٹس پر عرصہ دراز سے کام رکا ہوا تھا جسے اب دوبارہ جاری کردیا گیا ہے۔ ٹھلیاں میں رقبہ اور رستہ نہ ہونے کی وجہ سے متعلقہ سیکٹر کے متعلق کوئی پیش رفت نہ ہوسکی۔ سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے ہائوسنگ اینڈ ورکس کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس کنوینئر کمیٹی سید کامل علی آغا کی سربراہی میں پارلیمنٹ لاجز میں منعقد ہونا تھا لیکن ڈاکٹر افنان کے غیر ملکی دورہ اور سینیٹر بہرہ مند تنگی کے عزیز کے انتقال کی وجہ سے اجلاس موخر کرنا پڑا۔ کنوینئر کمیٹی کامل علی آغا نے غیر رسمی طور پر گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری ہائوسنگ اینڈ ورکس کو کہا کہ سرکاری ملازمین مطالبہ کررہے ہیں کہ انہیں فلیٹس کی بجائے پلاٹس دیئے جائیں کیونکہ فلیٹس کی تکمیل میں بہت عرصہ درکار ہے۔