لاہور (خصوصی نامہ نگار )صوبائی وزیر معدنیات حافظ عمار یاسر نے حکومت اور تحریک لبیک کے ذمہ داران سے موجودہ صورتحال میں دانشمندی کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے فریقین کو تشدد اور محاذ آرائی کے بجائے مفاہمت اور بات چیت سے مسائل کو حل کرنے کی تلقین کی۔ حافظ عمار یاسر نے کہا کہ آپریشن اور طاقت کے استعمال کی بات کرنے والے ملک و ملت کے خیر خواہ ہیں اور نہ ہی حکومت کے ساتھ مخلص، طاقت کا استعمال مسائل کے حل کا ذریعہ نہیں بلکہ بارہا کے تجربات سے یہ بات ثابت ہوچکی ہے کہ ہمیشہ طاقت کا استعمال معاملات کے بگاڑ کا سبب بنا ہے۔ انہوں نے تحریک لبیک کے ساتھ معاہدہ کرنے والے وزراء پر زور دیا کہ وہ معاہدے کی ذمہ داری بھی قبول کریں، اس کی پاسداری بھی کریں اور اس پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔ حافظ عمار یاسر نے تحریک لبیک کے ذمہ داران اور کارکنان کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ ان کے جذبات قابل قدر ہیں لیکن انہیں تشدد اور جلاؤ گھیراؤ کا راستہ اختیار نہیں کرنا چاہئے اس سے منزل مزید دور ہو جاتی ہے۔