ڈیرہ مرادجمالی(نامہ نگار)سیاسی سماجی قبائلی رہنما میر مشتاق احمد شاہوانی نے کہا کہ طغیانی بارش اور سیلاب سے ستائے متاثرین گندے تالابوں کا پانی پینے سے مختلف بیماریوں میں مبتلاہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صحافیوں سے گفتگو میں کیا‘ اس موقع پر سائبان ٹرسٹ کے چیئرمین میر عبیداللہ رند اور اجوا جتوئی کے صوبائی صدر عبدالعزیز جتوئی موجودتھے۔ انہوں نے کہابارشوں سیلابی ریلیوں کو گزرے 3ماہ ہو گئے پی ایچ ای کے افسران کو بار بار اس مسئلے بارے درخواست کی مگر آج تک نہ سنی گئی۔ سینکڑوں بچے، بوڑھے اور خواتین گندا پانی پینے سے مختلف امراض میں مبتلا ہوچکے ہیں۔ہماری وزیراعلیٰ بلوچستان ‘ محکمہ پی ایچ ای ‘ چیف سیکرٹری، کمشنر نصیر آباد اور ڈپٹی کمشنر کچھی سے اپیل ہے کہ خدارا سنی تا کھٹن واٹرسپلائی کی فوری بحالی کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں وگرنہ تباہ حال سیلاب متاثرین قومی شاہراہ پر احتجاج کرنے پر مجبور ہوں گے۔